الزام تراشی، بہتان اور بیان بازی سے عدلیہ کے کردار کو متنازع بنایا جا رہا ہے‘ میاں محمود الرشید

ملک میں جمہوریت ڈی ریل ہو گی نہ اہم ریاستی اداروں کیخلاف کوئی ناپاک سازش کامیاب ہوگی‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

منگل 19 ستمبر 2017 19:57

الزام تراشی، بہتان اور بیان بازی سے عدلیہ کے کردار کو متنازع بنایا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ شریف خاندان جان لے ملک کی لوٹی دولت کے دفاع میں ترکی کارڈ نہیں چلنے والا ،نظام لپیٹا جائیگا نہ ہی کرپٹ خاندان کو این آر او ملے گا، بھگوڑے حکمران عدالتی فیصلے پر ایمان بھی لائیں گے اور اڈیالہ بھی جائیں گے، نواز شریف کے سیاسی شہید ہونے اور جمہوریت ڈی ریل ہونے کا کوئی امکان نہیں۔

پنجاب اسمبلی میں وزیر قانون کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس میں نظام سے بغاوت کی بو آ رہی ہے،چھوٹے موٹے وزراء کو ملکی اداروں پر تنقید زیب نہیں دیتی اس کا سلسلہ بند کریں اوراپنے اقامے منظر عام پر لائیں کیونکہ تحریک انصاف ملکی چوروں، غداروں کو انکے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ الزام تراشی، بہتان اور بیان بازی سے عدلیہ کے کردار کو متنازع بنایا جا رہا ہے،نواز شریف کی نا اہلی پر تو قوم سڑکوں پر نہیں آئی البتہ اڈیالہ جاتے ضرور باہر نکلے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف خود سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں لیکن تحریک انصاف کو اپنے اداروں پر یقین ہے ملک میں جمہوریت ڈی ریل ہو گی نہ اہم ریاستی اداروں کیخلاف کوئی ناپاک سازش کامیاب ہوگی۔