ملک کو مشکلات در پیش ہیں ،2018پیپلز پارٹی کا سال ہو گا ، ہم پاکستان کو دوبارہ کھڑا کریں گے ‘ آصف علی زرداری

جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والا خود کرپشن پر تاحیات نا اہل ہو چکا، لوٹ مار کرنیوالوں کیلئے 2018 کے انتخابات یوم احتساب ہونگے عوام کے ووٹ کی طاقت سے اپنے سیاسی مخالفین کو تاریخی شکست سے دو چار کریں گے ‘ سابق صدر مملکت کی مخدوم احمد محمود سے گفتگو

منگل 19 ستمبر 2017 19:57

ملک کو مشکلات در پیش ہیں ،2018پیپلز پارٹی کا سال ہو گا ، ہم پاکستان کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات قریب ہیں کارکن انتخابات کی تیاری کریں،2018 کا سال پیپلز پارٹی کا سال ہو گا،پاکستان پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی سوچ رکھتی ہے،پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت نوجوانوں کو ہرگز مایوس نہیں کریگی ۔

یہ بات انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں پارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائشگاہ پر سابق گورنر پنجاب و جنوبی پنجاب پارٹی کے صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین و سابق وزیرا عظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کونڈی، فیڈرل کونسل و منشورکمیٹی کے رکن عبدالقار شاہین اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مخدوم مرتضیٰ محمود بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو اس وقت کافی مشکلات در پیش ہیں ہم پاکستان کو دوبارہ کھڑا کریں گے جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والا خود کرپشن پر تاحیات نا اہل ہو چکا۔ وفاقی و صوبائی حکومت پنجاب ہر محاذ پر نا کام تمام وعدے جھوٹے نکلے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔ لوٹ مار کرنے والوں کے لیے 2018 کے انتخابات یوم احتساب ہونگے عوام کے ووٹ کی طاقت سے اپنے سیاسی مخالفین کو تاریخی شکست سے دو چار کریں گے انہوں نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی صوبائی تنظیموں سمیت ڈویثرنل و ڈسٹرکٹ تنظیموں کے ساتھ ساتھ ذیلی تنظیموں کی تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کر کے ناراض کارکنوں سے رابطے کر کے انہیں پارٹی میں دوبارہ واپس لا کر انکے وسیع تجربے کی روشنی میں پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی بھرپور قوت کے طور پر سامنے آرہی ہے۔ انشاء اللہ آئندہ مستقبل پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔ اب نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

مخدوم احمد محمود نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو یقین دلایا کہ وہ جنوبی پنجاب میں پارٹی تنظیموں کی تنظیم سازی سمیت ناراض کارکنوں کو دوبارہ واپس لا کر پارٹی کو 1970 اور 1977 والی پوزیشن پر لا کر اسے مضبوط اور فعال بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت جلد جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے با اثر سیاسی شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی قیادت اسکے پلیٹ فارم اور ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے کو تیار بیٹھی ہیں لیکن ہم انہیں مناسب وقت پر پارٹی قیادت کی مشاورت سے سامنے لائیں گے۔