محرم الحرام میں سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کئے ہیں ، اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے 34 علماء کی ضلع راولپنڈی آنے پر پابندی عائد کی گئی ہے

پاک فوج ا و رینجرز کے خصوصی دستے بھی مختلف مقامات پر گشت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے،اسلحہ کی نمائش ، نفرت آمیز مواد کی تشہیر ،اشتعال انگیز تقاریر ، وال چاکنگ اور لائوڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی، سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد خان عباسی

منگل 19 ستمبر 2017 19:57

'راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کئے ہیں ، اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے مختلف مکاتب فکر کی34 علماء کرام جن کے ضلع راولپنڈی آنے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ مختلف مکاتب فکر کی11 علماء کی زبان بندی کے متعلق احکامات ہیں،پاک فوج ا و رینجرز کے خصوصی دستے بھی مختلف مقامات پر گشت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، 10/10کمپنیوں کی ڈیمانڈ بھیج دی گئی ہے،اسلحہ کی نمائش ، نفرت آمیز مواد کی تشہیر ،اشتعال انگیز تقاریر ، وال چاکنگ اور لائوڈ اسپیکرز کے استعمال کی پابندی ہو گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے کہا کہ پولیس کا کام قانون کی عمل داری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مذہبی اجتماعات ،جلوس اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا بھی ہے ۔ محرم الحرام کے دوران راولپنڈی پولیس ہمیشہ کی طرح فول پروف سکیورٹی انتظامات کرتی ہے جس میں حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ تمام ضابطہ اخلاق و قوانین پر بھرپور طریقہ سے عمل درآمد کروایا جاتا ہے ۔

محرم الحرام2017ء کے دوران راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے جو اقدامات کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محرام الحرام کے دوران اتحاد بین المسلمین و مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ضلعی اور لوکل سطح پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام ، تاجر برادری اور سیاسی قائدین کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تاکہ سب اپنی اپنی سطح پر امن و امان اور ملی یکجہتی کا درس و پیغام دیں۔

محرم الحرام سے قبل ترجیحی بنیادوں پر ضلع بھر میں سرچ آپریشنز باقاعدگی سے کیے جارہے ہیں جس میں بالخصوص ہوٹل ، سرائے ،مارکیٹوں اور کرایہ داروں کے کوائف بھی اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ جلوس اور مجالس پر تعینات پولیس قومی رضا کاروں اور منتظمین جلوس و مجالس کی جانب سے دئیے گئے پرائیویٹ رضا کاروں کی تربیت کا پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں اہتمام کیا گیا جس میں انہیں جسمانی تلاشی ،میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال ،سکیورٹی حصار اور دیگر سکیورٹی امور کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے ۔

سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے دوران ضابطہ اخلاق و قوانین کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جس میں اسلحہ کی نمائش ، نفرت آمیز مواد کی تشہیر ،اشتعال انگیز تقاریر ، وال چاکنگ اور لائوڈ اسپیکرز کے استعمال کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ جلوس و مجالس کے آغاز و اختتام میں وقت کی پابندی پر خصوصی طور پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔

اس ضمن میں جلوس و مجالس انتظامیہ نے بھی وقت کی پابندی کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ سکیورٹی اداروں میں تعاون اور ہم آہنگی کیلئے اور بروقت اطلاعات کے حصول کیلئے محرم الحرام کے آغاز پر ریجن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ بروقت اطلاع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں بہتر انداز سے نمٹا جاسکے۔اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے مختلف مکاتب فکر کی34 علماء کرام جن کے ضلع راولپنڈی آنے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ مختلف مکاتب فکر کی11 علماء کی زبان بندی کے متعلق احکامات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام تا 30محرم الحرام تک تمام جلوس و مجالس کی حساسیت کے اعتبار سے درجہ بندی کی گئی ہے جس کے مطابق ’’A‘‘ کیٹیگری میں 60، ’’B‘‘ کیٹٰگری میں79،’’C‘‘ کیٹیگر میں 212جلوس ہیں جب کہ مجالس میں ’’a‘‘ کیٹیگری میں 209، ’’B‘‘ کیٹیگری میں 355اور ’’C‘‘ کیٹیگری میں 1202 ہیں۔ یکم صفر المظفر سے لے کر 30صفر المظفر میں جو جلوس نکلتے ہیں ان میں ’’A‘‘ کیٹیگری میں 19، ’’B‘‘ کیٹیگری میں 19، ’’C‘‘ کیٹیگری میں 90ہیں جب کہ مجالس میں ’’A‘‘ کیٹیگری میں 67، ’’B‘‘ کیٹیگری میں 18اور ’’C‘‘ کیٹیگری میں 45ہیں ۔

راولپنڈی ضلع میں سات محرم الحرام اور 10محرم الحرام کو بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں ۔ 7محرم الحرام کا جلوس رات گئے جاری رہتا ہے اور فجر کی نماز تک اختتام پذیر ہوتا ہے ۔7محرم الحرام کو 6000سے زائد افسران و ملازمان جبکہ 10محرم الحرام کو تقریباً6500 افسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ تمام ملازمین کو ڈیوٹی سے قبل ڈیوٹی کی حساسیت اور نوعیت کے متعلق خصوصی طور پر بریف کیا جائے گا۔

تمام جلو س و مجالس کو تین پرتوں میں سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔جلوس اور مجالس میں واک تھرو گیٹ کے ذریعے داخلہ ہوگا اور بعد ازاں مختلف مقامات پر بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر و جسمانی تلاشی لی جائے گی۔ علاوہ ازیں سبیلوں اور لنگروں کی بھی خصوصی طور پر چیکنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کیلئے CCTVکیمروں کی تنصیب بھی کی جائے گی ۔

جلوس کی مانیٹرنگ سرکاری ڈرون کیمرہ سے بھی کی جائے گی۔ تمام جلوس و مجالس کے انعقاد سے قبل سپیشل برانچ سے سرچنگ و سویپنگ کرائی جائے گی۔ جلوس کے راستے میں آنے والے گھروں اور مارکیٹوں سے اس بات کا سرٹیفکیٹ لیا جائے گا کہ انھوں نے اپنے گھروں یا مارکیٹ میں کسی شرپسند یا انجانے شخص کو پناہ نہیں دی ہوئی۔دوران محرم الحرام ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں محافظ سکوارڈاور ایلیٹ فورس کے دستے مختلف مقامات پر خصوصی گشت بھی سرانجام دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پاک فوج ا و رینجرز کے خصوصی دستے بھی مختلف مقامات پر گشت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیا ر رہیں گے اس حوالے سے 10/10کمپنیوں کی ڈیمانڈ بھجوا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ فورس بھی موجود ہو گی۔راولپنڈی پولیس ہمیشہ کی طرح سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل کوبروئے کار لائے گی اور جانفشانی سے تمام تر ڈیوٹی سرانجام دے گی۔