کلیہ فارمیسی سمیت جامعہ کے تمام شعبہ جات کے مسائل جلد از جلد حل کر دیئے جائیں گے،ڈاکٹرظفر اقبال

منگل 19 ستمبر 2017 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کلیہ فارمیسی سمیت جامعہ کے تمام شعبہ جات کے مسائل جلد از جلد حل کر دیئے جائیں گے۔کلیہ فارمیسی کے اساتذہ سے ہونے والی ملاقات میں انہو ں نے کہا کہ کلیہ فارمیسی کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور پاکستان فارمیسی کونسل سے الحاق کا معاملہ بھی جلد از جلدطے کرایا جائے گا تاکہ طلباء کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔

ملاقات کے دوران ان کے ہمراہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین بھی موجود تھے۔شعبہ کیمیا ء کے اساتذہ کے وفد نے بھی شیخ الجامعہ سے ملاقات کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ شعبہ کیمیا کے وفد میں رکن سینیٹ ڈاکٹر افتخار طاہری، ڈاکٹر کوثر یاسمین، جی آر ایم سی کے رکن ڈاکٹر ساجد جہانگیر و دیگر اساتذہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبا ل سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزر، پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، اے پی ایم ایس او، گلگت بلتستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفود نے بھی عہدیداروں سمیت ملاقات کی شیخ الجامعہ کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور جامعہ کی ترقی و سربلندی کے لئے انتظامیہ کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ان کے علاوہ جامعہ کے دیگر تدریسی و غیر تدریسی عمال و افسران نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال سے ہونے والی ملاقات میں ان کا پرجوش انداز میں خیر مقدم کیا ،انہیں گلدستے پیش کئے اور انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ جامعہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کرسکے اور تعلیم و تحقیق کے میدان میں جامعہ اروو کا نام دنیا بھر میں معروف حیثیت سے ابھر کر سامنے آسکے۔