محرم الحرام ،بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اسلام آباد پولیس ، اسلام آباد انتظامیہ اورعلماء کرام کا مشترکہ اجلاس

محرم میں قیام امن کیلئے علماء کا بنیادی کردار رہا ہے ،علماء کیساتھ مل کر محبت اور بھائی چارہ قائم رکھیں گے،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)مشتاق احمد محرم میں امن وامان کے قیام میں علماء اپنا کردار ادا کریں ،معاشرے میں امن برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،ایس ایس پی ساجد کیانی اسلام آباد کے علماء پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے،علماء کرام کا اجلاس سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 19:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) محرم الحرام میں بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اسلام آباد پولیس ، اسلام آباد انتظامیہ اورعلماء کرام کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو محرم الحرام کے سلسلہ میں وفاقی دارلحکومت میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میںڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر)مشتاق احمد،ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی ،مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے علاوہ سول انتظامیہ اور پولیس کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے علماء کا بنیادی کردار رہا ہے ،ہم علماء کے ساتھ مل کر محبت اور بھائی چارہ قائم رکھیں گے،کربلا ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے ،ہمیں یقین ہے کہ علماء پہلے کی طرح اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم میں امن وامان کے قیام میں علماء کرام اپنا کردار ادا کریں ،معاشرے میں امن برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،علماء کرام نے پہلے بھی مثالی کردار ادا کیا ہے ،ماتمی جلو س اور مجالس کی سکیورٹی کو بہترکریں گے ،ہم سب نے اپنی اپنی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے ،ہم نے ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے سبق پر عمل پیرا ہونا ہے ۔

مولاناظہورعلوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کے علماء نے ہمیشہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے ،ہم ایک دوسرے کے جذبات کا بھی خیال رکھیں گے،ہمارا اتحاد مثالی ہوگا تو دنیا میں اچھا پیغام جائے گا،علماء کرام حسب سابق امن اور بھائی چارہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے،علامہ بشارت امامی نے کہا کہ محرم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ امام حسین کی عظیم قربانی ی ،شہداء کربلا کی قربانی کسی رنگ نسل یا فرقے کے لئے نہیں تھی،ہم سب اپنا اپنا کردار ادا کریں گے تو ماحول بہتر رہے گا،ہر سال اسلام آباد میں مثالی اقدامات کئے جاتے ہیں ،ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے ۔آخر میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے محرم الحرام میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :