ْیو ایس ایڈ کی ڈپٹی مشن ڈائریکٹر نے سکھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ اسکولوں کا افتتاح کیا

منگل 19 ستمبر 2017 19:51

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ڈپٹی مشن ڈائریکٹر سندھ و بلوچستان ڈینس ہربول نے سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر کے ہمراہ ضلع سکھر میں یو ایس ایڈ کی امداد سے تعمیر کئے گئے دو جدید ترین اسکولوں کا افتتاح کیا۔ گورنمنٹ ہائی اسکول ڈوڈنکو ضلع سکھر اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نمائش کالونی سکھر کی افتتاحی تقاریب میں سندھ کے سیکریٹری ایجوکیشن عبدالعزیز عقیلی، کمیونٹی رہنماں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

یہ اسکول امریکی حکومت کی جانب سے یو ایس ایڈ کے ذریعے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے لئے دی گئی 15 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر امداد میں سے بنائے گئے ہیں۔ یو ایس ایڈ کی ڈپٹی مشن ڈائریکٹر ڈینس ہربول نے کہا کہ سندھ کے بچوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد فراہم کرنے میں مدد پر ہمیں فخر ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ طلبہ ملک میں تبدیلی کے نقیب ثابت ہوں گے اور پاکستان اور امریکا کے باہمی احترام اور رواداری جیسے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈینس ہربول نے پاکستان میں شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے امریکی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں یہی وجہ ہے کہ تعلیمی شعبے میں تعاون امریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے سندھ کے شعبہ تعلیم کو جدید ترین بنانے کے لئے امریکی حکومت اور یو ایس ایڈ کی گراں قدر امداد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں تعلیمی اصلاحات میں مدد پر امریکی حکومت اور یوایس ایڈ کے شکر گزار ہیں خصوصاً اس پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ پروگرام کے ذریعے اسکولوں کی تعلیم اور خواندگی کی شرح میں بہتری آئی ہے۔ تعلیمی شعبے کے یہ جدید پروگرام اسکولوں کا نظام اور تعلیمی معیار بہتر کرنے میں موثر ثابت ہوئے ہیں۔ سندھ بنیادی تعلیمی پروگرام کے تحت سندھ کے 8 اضلاع میں 106 اسکول تعمیر کئے جا رہے ہیں، اب تک 23 اسکول تعمیر ہوچکے ہیں اور باقی تعمیر ہو رہے ہیں۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد سندھ کے مخصوص علاقوں میں بچوں کے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں داخلوں کی شرح بڑھانا اور تعلیم نامکمل چھوڑنے والے بچوں کو دوبارہ اسکول میں لانا ہے۔ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام نہ صرف اسکولوں کی تعمیر میں معاونت کر رہا ہے بلکہ تعلمی اصلاحات، کمیونٹیوں کو متحرک کرنے، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری اور اسکولوں کے طلبہ کے پڑھنے کی صلاحیت میں اضافے کے لئے بھی صوبائی حکومت کی مدد کر رہا ہے۔