سوئٹزرلینڈ میں آزاد بلوچستان سے متعلق مہم بھارتی خفیہ ادارے کی پشت پناہی پر این جی او کی جانب سے چلائے جانے کا انکشاف ، براہمداغ بگٹی سمیت دیگر پاکستان مخالف لابیوں کو بھی مہم میں استعمال کیا جا رہا ہے،ذرائع

منگل 19 ستمبر 2017 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) سوئٹزرلینڈ میںآزاد بلوچستان سے متعلق مہم بھارتی خفیہ ادارے کی پشت پناہی پر ایک این جی او کی جانب سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ براہمداغ بگٹی سمیت دیگر پاکستان مخالف لابیوں کو بھی مہم میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں بلوچستان کی علیحدگی سے متعلق بینرز اور مہم ایک بھارتی این جی اوز چلا رہی ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ پاکستان مخالف لابیوں اور بھارتی این جی اوز سمیت برہمداغ بگٹی کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف سرگرم ہے۔

ذرائع کے مطابق جنیوا میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے بھارتی خفیہ اداروں کی مہم کی حکومت پاکستان کو بروقت اطلاع نہیں دی گئی حکومت کو دیگر ذرائع سے بھارتی کارستانیوں سے متعلق علم ہوا،جس پر جنیوا میں پاکستانی سفیر کی سرزنش کی گئی اور پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو وزارت خارجہ بلا کر سخت احتجاج کیا گیا اور اب بھارت کی طرف سے پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے ایشو پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر ممالک میں پاکستان مخالف سرگرمیوں پر تفصیلی بحث اور اس کے تدارک کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے نیٹ ورک کی سر گرمیوں سے متعلق عالمی برادری کو ڈوزیئر ارسال کئے جائیں گے جس کیلئے دنیا میں موجود پاکستانی مشنز کو اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔