عوامی مرکز اسلام آباد میں آتشزدگی کے پیچھے کوئی سازش کار فرما نہیں‘ وفاقی ٹیکس محتسب عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے کام کرتا ہے‘ کسی قسم کی تحقیقات سے اس کا کوئی واسطہ نہیں

وزیر داخلہ احسن اقبال کا ایوان بالا میں توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال

منگل 19 ستمبر 2017 19:08

عوامی مرکز اسلام آباد میں آتشزدگی کے پیچھے کوئی سازش کار فرما نہیں‘ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوامی مرکز اسلام آباد میں آتشزدگی کے پیچھے کوئی سازش کار فرما نہیں‘ وفاقی ٹیکس محتسب عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے کام کرتا ہے‘ کسی قسم کی تحقیقات سے اس کا کوئی واسطہ نہیں ہے‘ اسلام آباد میں فائر سیفٹی کے انتظامات نہ کرنے والے عمارت مالکان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر شیری رحمان کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عوامی مرکز اسلام آباد میں آتشزدگی میں کوئی سازش نہیں ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کا دائرہ اختیار تحقیقات نہیں ہوتا بلکہ اس کے پاس لوگ اپنی شکایات کے ازالے کے لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سیکرٹریٹ عوامی مرکز میں نہیں وزارت منصوبہ بندی میں ہے۔

(جاری ہے)

تمام ریکارڈ وہیں پر ہے اور محفوظ ہے۔ عوامی مرکز میں صرف تحقیق کا مرکز تھا اس کا ریکارڈ بھی محفوظ ہے۔ وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی ہے۔ 21 ستمبر کو کمیٹی فرانزک رپورٹ پیش کردے گی۔ عوامی مرکز میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی، دس منٹ میں فائر بریگیڈ بھی پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں تیز ہوائوں کی وجہ سے آگ بے قابو ہوئی، دو نوجوانوں کی ہلاکت کا واقعہ افسوسناک ہے، دم گھٹنے کے باعث انہوں نے چھلانگ لگانے کی کوشش کی لیکن نیچے موجود عملہ انہیں بچانے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس کا نوٹس پہلے ہی لیا ہوا ہے۔ سی ڈی اے کو ہدایت دی جاچکی ہے‘ تمام بڑی عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرایا جائے۔ ایسا نہ کرانے والے مالکان کو جرمانہ کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔