صاف پانی پروگرام، متعلقہ محکموںکے مابین موثر کوآرڈینیشن میں تساہل برداشت نہیں کرونگا‘شہبازشریف

متعلقہ محکمے اور ادارے پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پیشہ ورانہ انداز اور یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھیں‘وزیراعلیٰ کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 18:26

صاف پانی پروگرام، متعلقہ محکموںکے مابین موثر کوآرڈینیشن میں تساہل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت نے یہ حق شہریوں کو لوٹانے کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے ایک بڑا پروگرام بنایا ہے، لہٰذا متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پیشہ ورانہ انداز اور یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارآج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے امو رکا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے سائوتھ اور نارتھ پنجاب صاف پانی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور ان کمپنیوں کو آپس میں قریبی کوآرڈینیشن کے تحت کام کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں کمپنیوں کو تجربات اور مہارت کو ایک دوسرے سے شیئر کرنا چاہیئے اور پروگرام پر یکساں حکمت عملی اپنا کر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے کی عملدرآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔ متعلقہ محکموں اور اداروں کے مابین موثر کوآرڈینیشن میں تساہل برداشت نہیں کروں گا۔ فلاح عامہ کے اس بڑے منصوبے میں غلطی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

متعلقہ محکموں اور اداروں کو نتائج دینا ہوں گے، تساہل سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ذریعے بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے اور ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہے۔ چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی سائوتھ و نارتھ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز پنجاب صاف پانی کمپنی سائوتھ و نارتھ اور غیرملکی ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :