گیس کی بنیادپر3600 میگا واٹ کے پاورپلانٹس ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں‘شہبازشریف

توانائی کے متعدد منصوبوں کو برق رفتاری کیساتھ مکمل کیا گیا ہے، جس کے باعث ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے توانائی کے منصوبے نہایت شفاف انداز سے مکمل کئے گئے ہیں ، گزشتہ کئی برسوں سے ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں پنجاب حکومت نے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر 1200میگا وا ٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 19 ستمبر 2017 18:26

گیس کی بنیادپر3600 میگا واٹ کے پاورپلانٹس ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جرمنی کی توانائی کی بین الاقوامی کمپنی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی،جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔جرمن کمپنی نے پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر دلچسپی کا اظہارکیا۔وزیر اعلی نے جرمن وفد کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو کی اورجرمن وفد نے وزیر اعلی کی جرمن زبان پر دسترس کی تعریف کی ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کے باعث لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ توانائی کے متعدد منصوبوں کو برق رفتاری کے ساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جس کے باعث ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر انتہائی محنت کے ساتھ کام کیا گیا ہے - حکومت نے روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی توانائی منصوبوں کو مکمل کیا ہے اورتوانائی کے منصوبے نہایت شفاف انداز سے مکمل کئے گئے ہیںاور ان منصوبوں کی تکمیل سے گزشتہ کئی برسوں سے ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ گیس کی بنیادپر3600 میگا واٹ کے پاورپلانٹس ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں- پنجاب حکومت نے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر 1200میگا وا ٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اورگیس سے بجلی کے حصول کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی-انہوںنے کہا کہ توانائی منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت ،امانت ،دیانت اورجہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہی-3600میگاواٹ کے گیس منصوبوں میں 168ارب روپے بچائے گئے ہیں- پاکستان کی تاریخ میں بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی-توانائی منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ جرمنی کی ٹیکنالوجی پوری دنیا میں مسلمہ ہے اور ہم جرمن ٹیکنالوجی اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ جرمن وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کیساتھ توانائی کے شعبہ میں کام کرنے کے خواہاں ہیںاوروزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم انتہائی لگن اور عزم سے کام کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔

ہمیں پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں تعاون پر خوشی ہو گی- جرمن وفد کی قیادت کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر برائے مشرق وسطیٰ و نارتھ افریقہ جین کلاڈ کر رہے تھے جبکہ کمپنی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، چیئرمین پنجاب تھرمل پاور کمپنی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری توانائی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔