موٹروے پولیس افسران روڈ یوزرز کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور عزت کے ساتھ پیش آ ئیں، حادثات کی شرح کو مزید کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کا ر لائے جائیں، آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام

منگل 19 ستمبر 2017 18:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس افسران روڈ یوزرز کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور عزت کے ساتھ پیش آ ئیں، حادثات کی شرح کو مزید کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کا ر لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے (ایم 2) چکری کے مقام موٹروے پولیس افسران و ملازمان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے موٹروے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ روڈ یوزرز کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور عزت کے ساتھ پیش آئیں اور روڈ یوزرز کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی موٹروے غلام رسول زاہد اور ایس ایس پی موٹروے (ایم 2) نارتھ سیکٹر شہریار سکندر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت اور ان کی مدد کرنا ہماری پہلی اور اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے فرض شناسی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کا نام اور اس کے حصے میں اچھی شہرت صرف خوش اخلاقی، قانون کی یکساں حکمرانی اور مشکل وقت میں بلاتفریق مدد کی وجہ سے آئی ہے لہٰذا نہ صرف اس کو ہر حال میں قائم رکھیں بلکہ اس کے وقار میں مزید اضافہ کیلئے سخت محنت کریں۔

انہوں نے کہا کہ حادثات کی شرح کو مزید کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو سائنسی بنیادوں پر بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کے ملازمان کیلئے میڈیکل پالیسی کا جلد اعلان کیا جائے گا اور ملازمان کی جلد ترقی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آخر میں انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سیّد کلیم امام نے افسران و ملازمان کے مسائل سنے اور ان مسائل کے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :