وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 100سکولوں میں بیک وقت تعمیراتی کام جاری، وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری جائزہ لینے کیلئے دورے کریںگے

منگل 19 ستمبر 2017 17:32

وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 100سکولوں میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری آئندہ ہفتے وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں کے سکولوں میں تعمیراتی کام کے معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے دورے کریںگے۔وزارت کیڈ کی طرف سے منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 100سکولوں میں بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے اور موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی کی گرانٹ جاری ہونے کے بعد منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے ۔

گزشتہ ہفتے وزیر مملکت نے جی سکس کے سکول میں تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا اور اسے وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تعمیراتی کام کیلئے ماڈل سکول بنانے کی ہدایت کی جس کے تعمیراتی معیار کو بقیہ سکولوں میں لاگو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے تمام 422سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔

پروگرام کے تحت پائلٹ پراجیکٹ میں 22سکولوں میں نئے کلاس رومز ، واش روم بلاکس ، پینے کے پانی کے کولر اور دیگر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت منصوبے کے اگلے مرحلے میں 200سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے جس میں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں کے سکول شامل ہیں۔بیان کے مطابق وزیر مملکت سے وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ملاقات کی ، ملاقات میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا ۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں دو سو سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر، لیبارٹریوں اور لائبریریوں کا قیام ، واش رومز کی تعمیر ،طا لب علموں اور اساتذہ کیلئے نئے فر نیچر کی فراہمی، بیرونی دیواروں کی اونچائی میں اضافہ ،سکیورٹی انتظامات کی فراہمی اور دوسرے تعمیراتی کام شامل ہیں۔پراجیکٹ میں تعمیراتی کاموں اور دیگر امور کی مانیٹرنگ وزیر کیڈ کی سربراہی میں قائم سٹئیرنگ کمیٹی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دوسرے مرحلے کے 200سکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی پی سی ون کی تیاری اور تعلیمی اداروں کے سروے کا حکم دیا جس کیلئے تمام سکولوں کے پرنسپل اپنے سکولوں میں توسیع اور تعمیراتی ضروریات ایف ڈی ای کو بھجوائیں گے ۔ان ضروریات کے تحت نیا پی سی ون تیار کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :