وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت محرم الحرام میں سکیورٹی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس ،محرم الحرام کے حوالہ سے کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا

وزیر داخلہ کی تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محرم میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت

منگل 19 ستمبر 2017 17:19

وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت محرم الحرام میں سکیورٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت محرم الحرام میں سکیورٹی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو ہوا۔ اجلاس میں سکیورٹی اداروں کی قیادت، صوبائی انتظامیہ اور وزارت کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے حوالہ سے کئے جانے والے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محرم میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام پر زور دیا کہ وہ امن و امان کا پرچار کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ جید علماء کرام سے مضبوط رابطہ قائم رکھیں۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی اور انتظامات کئے جائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی میں بین الااقوامی طاقتیں اندرونی انتشار کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے عمل کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے، عوام کے شعور میں مجموعی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں۔

وزیر داخلہ نے محرم کے مہینے میں کومبنگ آپریشن اور سروے کے ذریعے شرپسند عناصر کی نشاندہی کرنے کے احکامات بھی دیئے اور کہا کہ تمام کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محرم میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں 32720 اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حساس مقامات کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔ وزارت داخلہ میں کنٹرول سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں سے تما م صوبوں کی انتظامیہ سے رابطہ رہے گا۔

متعلقہ عنوان :