گذشتہ چار سالوں میں جتنی ہائوس کلیننگ ہوئی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، چوہدری نثار علی خان

منگل 19 ستمبر 2017 17:19

گذشتہ چار سالوں میں جتنی ہائوس کلیننگ ہوئی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ گذشتہ چار سالوں میں جتنی ہائوس کلیننگ ہوئی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ منگل کو پنجاب ہائوس میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا یہ واضح مؤقف ہے کہ ہمارے اندر جو بھی کوتاہیاں یا کمزوریاں ہیں اس کا علاج ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہندوستان کے اندر جو ہندو انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیمیں بڑی ڈھٹائی سے اپنے مکروہ عزائم میں کمربستہ ہیں، کبھی ہندوستان کی حکومت یا سیاستدانوں میں سے کسی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے، وہاں تو معزز لوگوں کے منہ کالے کئے جاتے ہیں، غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور مسلمانوں اور اقلیتوں کو بیدردی سے صرف گائے کی بے حرمتی کے شک پر قتل کر دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں دن کے اجالے میں درجنوں دہشت گردی کے کیمپ امریکہ کے کیمروں کے نیچے پنپ رہے ہیں اور پاکستان میں آگ اور خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائوس کلیننگ پر کسی کو اعتراض نہیں، حکومت کو عملی کام پر توجہ دینی چاہئے، ہمیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے جن سے پاکستان دشمن عناصر کا بیانیہ مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں میں جتنی ہائوس کلیننگ ہوئی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی مگر اس کے باوجود بہت سے کام اور بھی کرنے کی گنجائش موجود ہے۔