پی ایس ایل کے وقت پر ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوں گا لیکن اگر فارغ ہوا تو ضرور حصہ لوں گا‘ہاشم آملہ

پاکستان آکر بہت اچھا لگا ،مہمان نوازی نے گھر جیسا ماحول دیا‘ ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنیوالے کھلاڑی کی گفتگو

منگل 19 ستمبر 2017 17:47

پی ایس ایل کے وقت پر ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوں گا لیکن اگر فارغ ہوا تو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے والے جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے گھر جیسا ماحول دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے گھر جیسا ماحول دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے وقت پر ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوں گا لیکن اگر فارغ ہوا تو پاکستان سپر لیگ میں ضرور حصہ لوں گا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے کرکٹر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان جانے سے پہلے سکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی گئی تھی اور اس بریفنگ سے ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ ایونٹ کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو قدم اٹھایا تھا وہ بہت بڑا تھا اور مکمل کرکٹ کی بحالی کیلئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے جنوبی افریقی لیگ میں قلندرز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور قلندر کے جیز رائزنگ اسٹارز پروگرام کی تعریف کی اور کہا کہ لاکھوں بچوں کو جمع کرکے ٹیلنٹ تلاش کرنا آسان کام نہیں۔

متعلقہ عنوان :