ملک میں پٹرول کا ذخیرہ 7دن کا رہ گیا،اوگرانے ڈی جی آئل اور او سی اے سی کو خط کے ذریعہ آگاہ کردیا

منگل 19 ستمبر 2017 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء)پاکستان میں پٹرول کا ذخیرہ گھٹ کر محض سات دنوں کا رہ گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے ڈی جی آئل اور او سی اے سی کو خط کے ذریعہ آگاہ کیا ہے کہ پٹرول کا ذخیرہ قواعد کے تحت 20 دنوں کے بجائے صرف 7 دن کا رہ گیا ہے۔صنعتی ذرائع کے مطابق نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں مارکیٹ میں اپنے شیئر زکے مطابق گزشتہ ماہ پٹرول درآمد کرنے میں ناکام ر ہیں جس سے پورا دبائو پی ایس او پر آگیا ہے۔

پی ایس او کے ترجمان کے مطابق بحران کے باوجود پٹرول کی فراہمی بحال رکھی گئی۔ او سی اے سی کے سی ای او نے اعتراف کیا کہ گزشتہ ماہ نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنے حصے کا پٹرول درآمد کرنے میں ناکام رہیں جس کی و جہ سے صورتحال بگڑ گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں چند دنوں میں آئل ٹینکرز منگوارہی ہیں جس سے صورتحال بہتر ہوگی اور دس روز کے لئے ذخیرہ دستیاب ہوجائے گا۔

گزشتہ دو ماہ سے پٹرول کی قلت کاسامنا ہے اور اگر کوئی کھیپ نہیں پہنچ پاتی تو پٹرول کی شدید قلت سے معمولات زندگی شدت سے متاثر ہوتی ہے۔آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم الیاس فاضل نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پٹرول کی طلب میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔ جس کی وجہ پٹرول کا سستا ہونا اور اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی رہی تاہم انہوں نے بتایا کہ پٹرول کا ذخیرہ آئندہ دو دنوں میں 10 روز کی ضرورت کا ہوجائے گا۔