شجاعت حسین کی زیرصدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کا اجلاس،

دوسرے ممالک کے ساتھ ملکر ویمن کبڈی کو فروغ دینے کا فیصلہ ہر سال چودھری ظہورالٰہی شہید نیشنل کبڈی ٹورنامنٹ گجرات میں کرانے کا فیصلہ، فیڈریشن معاشرہ میں اصلاحی سرگرمیوں کو فروغ دے گی

منگل 19 ستمبر 2017 16:59

شجاعت حسین کی زیرصدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کا اجلاس،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کا اجلاس فیڈریشن صدر، سربراہ پاکستان مسلم لیگ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں ایران ویمن کبڈی ٹیم کو دورئہ پاکستان کی دعوت دینے کے علاوہ ایشین چمپئن شپ ایران میں شرکت اور سری لنکا کبڈی فیڈریشن کی دعوت پر دورہ کی منظوری دی گئی جبکہ 2018ء میں جکارتہ کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

جنرل کونسل کے اجلاس میں ریلوے، واپڈا، پولیس، اسلام آباد کبڈی فیڈریشن اور بلوچستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ جن میں فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چودھری سرور عامر نواز، ناصر محمود، بادشاہ گل، خواجہ حسن رضا، سلطان سید علی شاہ، رشید بٹ، طاہر وحید، مجاہد پرویز، رمضان گھمن، میجر فیصل حسین، اختر عباس خواجہ، عدنان سرور، فائزہ کنول اور بینش امین شامل تھے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فیڈریشن دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر ویمن کبڈی کو فروغ دے گی، 1968ء میں قیام کے بعد سے پاکستان کبڈی فیڈریشن معاشرے میں اصلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سرگرم ہے اور اپنا یہ مشن جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز نومبر میں ہو رہی ہیں جس کیلئے بھرپور تیاری کی جائے اور چیف ایئر سٹاف کبڈی کپ کیلئے بھی بہترین ٹیم تیار کی جائے۔ اجلاس نے آئین میں ترمیم کر کے چیئرمین کبڈی فیڈریشن کے نئے عہدے کے قیام کی منظوری بھی دی جس کیلئے باقاعدہ انتخاب ہوگا۔ اجلاس میں چودھری ظہورالٰہی شہید اور بابائے سپورٹس علی جان کیلئے دعائے مغفرت کی اور گجرات میں ہر سال چودھری ظہورالٰہی شہید نیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :