جوہری معاہدہ ختم کیا تو امریکہ کو بھاری قیمت چکانی ہوگی، ایران

میرا نہیں خیال امریکی عوام اس چیز کی اتنی بھاری قیمت چکانے کے لیے تیار ہوگی،حسن روحانی

منگل 19 ستمبر 2017 15:54

جوہری معاہدہ ختم کیا تو امریکہ کو بھاری قیمت چکانی ہوگی، ایران
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) ایران کے صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو ختم کیا تو امریکا کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے کے بعد امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے سے علیحدہ ہونا امریکا کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا اور میرا نہیں خیال کہ امریکی عوام اس چیز کی اتنی بھاری قیمت چکانے کے لیے تیار ہوگی جس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

حسن روحانی نے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے سے انحراف کیا تو پہلی بات تو یہ ہے کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور دوسری اہم بات یہ کہ اس اقدام سے عالمی برادری کا امریکا سے بھروسہ اٹھ جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایران اور 6 عالمی طاقتوں امریکا، چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے درمیان 2015 میں جوہری معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کر دی گئی تھی۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اس معاہدے کو تاریخ کا بدترین معاہدہ قرار دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد اس معاہدے سے امریکا کو علیحدہ کر لیں گے۔ اس سلسلے میں ٹرمپ اکتوبر میں اہم اعلان بھی کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :