آزاد خطے میں شریعہ اپیلٹ بینچ کا قیام راجہ فاروق حیدر اور عبدالرشید ترابی کی کاوشوں کا نتیجہ ،خیر مقدم کرتے ہیں ،امراء اضلاع جماعت اسلامی آزادکشمیر

منگل 19 ستمبر 2017 15:53

مظفرآباد،باغ،کوٹلی،میرپور،بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے امراء اضلاع نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ آزاد خطے میں شریعہ اپیلٹ بینچ کا قیام راجہ فاروق حیدر اور عبدالرشید ترابی کی کاوشوں کا نتیجہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ،جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر عبدالرشید ترابی کو حکومت ،علماء کرام اور سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے لیے کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا عبدالرشید ترابی نے علماء کرام ،سیاسی جماعتوں اور آئینی ماہرین کی وزیر اعظم سے طویل مشاورت کے بعد اسلامی قانون سازی کے لیے اتفاق رائے کا پیدا کرنا تاریخی اور انقلابی اقدام ہے ،ان خیالات کااظہار امراء اضلاع جماعت اسلامی قاضی شاہد حمید ،نثار احمد شائق،زاہد الحسن چودھری،مولانا عبداللہ،بشیر شگو،چوہدری فرید ،عبید الرحمان عباسی نے مشترکہ بیان میں کیا ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے حکمت اور دانش کے ساتھ بھرپور انداز سے اسمبلی اور اسمبلی سے باہر کردار ادا کیا جس کے باعث متفقہ طور پر اسلامی قانون سازی کاعمل مکمل ہوا اتفاق رائے کروانے میں عبدالرشید ترابی کا کردار تاریخ کا شاندار باب ہے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر اسلام مائزیشن کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور عبدالرشید ترابی کے ان اقدامات کو قابل تحسین قرار دیتی ہے انہوں نے کہاکہ این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر اساتذہ کرام کی بھرتی ،پبلک سروس کمیشن کی تشکیل اور عدلیہ میں میرٹ پر چیف جسٹس صاحبان کا تقرر اہم اقدمات ہیں جن کی جماعت اسلامی تحسین کرتی ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نیکی کے کاموں میں تعاون اور مسائل کی نشاندہی کرتی رہے گی انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے بیس کیمپ میں اچھے اقدامات کیے ہیں جماعت اسلامی ان کی تحسین کرتی ہے