تانیہ قتل کیس ، سندھ ہائیکورٹ کا لواحقین کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم

تفتیش کی نگرانی خود کریں، سندھ ہائی کورٹ کی آئی جی سندھ کو ہدایت

منگل 19 ستمبر 2017 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) تانیہ قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے لواحقین کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم جاری کر تے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایتکی ہے کہ تفتیش کی نگرانی خود کریں۔ایس ایس پی جامشورو نے عدالت میں واقعے کی رپورٹ جمع کرادی جس کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔

ایس ایس پی جامشورو کے مطابق دونوں ملزمان کو ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت روانہ کیا جا چکا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تانیہ کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے جبکہ معاملہ زیر تفتیش ہے،جلد قتل کی وجوہات سامنے آجائیں گے۔ایس ایس پی جامشورو کے مطابق شواہد کی بنیاد پرمقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل کی گئی جبکہ غفلت پر ایس ایچ او جھنگارا اور اے ایس آئی محمد علی کو معطل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اے ایس پی سیہون کی سربراہی میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم دیا گیا ہے۔سیہون کے گاں جھانگارا میں 7 ستمبر کی شام ملزم خان محمد خانوانی نے گھر میں گھس کر تانیہ کو قتل کردیا تھا۔لڑکی کے والد غلام قادر کے مطابق ملزم نے بیٹی کارشتہ مانگا تھا اور انکار پر اس نے اہل خانہ کو زد و کوب کیا اور لڑکی کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی تاہم لڑکی نے مزاحمت کی تو ملزم نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

متعلقہ عنوان :