سرگودھا،عاشورہ محرم کے دوران امن عامہ کی صورتحال کے قیام کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

انتظامیہ اور پولیس نے علماء کرام کے ساتھ میٹنگ اور مشاورت کا عمل مکمل کر لیا

منگل 19 ستمبر 2017 15:40

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم کے دوران امن عامہ کی صورتحال کے قیام کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انتظامیہ اور پولیس نے علماء کرام کے ساتھ میٹنگ اور مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ حساس مقامات اور روٹس کاجائزہ لیا جا چکا ہے۔ انتظامیہ کا امن کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ رہے گا۔

وہ ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی مختلف مذہبی تنظیموں کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون مثالی ہے۔جس سے ڈویژن بھر میں امن عامہ کی صورتحال برقرار رہے گی۔ سرگودہا ڈویژن امن کا گہوارہ ہے اور کسی جگہ مذہبی تفرقہ بازی کشیدگی کی وجہ سے نقص امن کا کوئی خطرہ لا حق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

خدانخواستہ کہیں کو ئی اندیشہ پیدا ہوا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے بھر پور کردار ادا کر کے ماحول کو ساز گار بنائیں گے۔

کمشنر نے کہا اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ جو تمام مذاہب کو مذہبی آزادی دیتا ہے ضرورت ا س امر کی ہے کہ ماہ محرم کے دوران شر پسندی اور اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب کیا جائے تاکہ کسی گروہ کی دل آزاری نہ ہو امام حسینؓ کی ذات تمام مسالک کی نزدیک یکساں قابل احترام اور انکے ایمان کا حصہ ہے۔ تمام مسالک اپنے اپنے طریقے اور عقیدے سے امام عالی مقامؓ کی یاد مناتے ہیں ہمیں حکومت کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کو یقینی بناتے ہوئے ڈویژن کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او محمد سہیل چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے پر امن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ امن عامہ کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہو کسی جگہ مذہبی کشیدگی کا کوئی خطرہ نہیں۔ تمام مسالک کے درمیان مذہبی ہم آہنگی ،رواداری اور اتحاد کی فضا پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ رضا کار بھی سیکورٹی کیلئے ڈیوٹی دیں گے جن کی ٹریننگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تھانہ سے ضلع لیول تک مشارت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اجلاس سے عرفان اللہ ثنائی ،قاری احمد علی ندیم ، احمد مسعود زاہدی ایڈووکیٹ کے علاوہ ضلع خوشاب ،میانوالی اور بھکر سے علمائے کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے محرم کے دوران فول پروف انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ علمائے کرام انتظامیہ کادست وبازو ہیں انہیں ملکی سالمیت او رامن عزیز ہے ۔ کسی کو مذہبی منافرت اور کشیدگی پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ امن عامہ کے قیام کیلئے تمام مسالک متحد ہیں کسی گروہ کو کسی سے کوئی شکایت نہیں ۔ تمام مسالک میں مذہبی ہم آہنگی پائی جاتی ہے او رایک دوسرے کے ساتھ کھلے دل سے تعاون کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :