راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے سماجی و اقتصادی ترقی کا عمل تیز ہو گا،ممنون حسین

تعلیم کے شعبے میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کا خوش دلی سے خیر مقدم کیا جائے گا،ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں یونیورسٹیوں کا اہم کردار ہے،ملک میں دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے ، صدر مملکت کی سینیٹر کامران مائیکل کی معیت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو

منگل 19 ستمبر 2017 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز ہو گا اورتعلیم کے شعبے میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کا خوش دلی سے خیر مقدم کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی جس نے سینیٹر کامران مائیکل کی معیت میں ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

وفد میں غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ تعلیم انسانی صلاحیتوں میں اضافے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور موجودہ حکومت سوشیو اکنامک شعبے میں ترقی کے لیے بہت محنت کر رہی ہے۔ انھوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم اور وزیر اعظم فیس واپسی پروگرام جیسے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں یونیورسٹیوں کا اہم کردار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے ، سرمایہ کاری کے لیے بہترین ماحول موجودہے اورپاکستان ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کاکھلے دل سے خیرمقدم کرے گا۔صدر ممنون حسین نے وفد کی جانب سے روات میں پنجاب حکومت کے اشتراک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور تعلیمی منصوبوں کے قیام کے سلسلے میں غیرملکی وفد کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے غریب طبقات کی بہتری کے لیے ان کی جدوجہد مستحسن ہے۔ صدر مملکت نے پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم میں رفاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعاون کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ونٹر اولمپکس میں ضرور حصہ لے گا۔

متعلقہ عنوان :