لڑکوں اور مرد اُساتذہ سے زیادہ دوستی، والدین نے اپنی ہی 13 سالہ بیٹی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 ستمبر 2017 14:22

لڑکوں اور مرد اُساتذہ سے زیادہ دوستی، والدین نے اپنی ہی 13 سالہ بیٹی ..
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر2017ء): بھارتی علاقہ تلینگانا کے ضلع نالگونڈا میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک واقعہ سامنے آیا جس میں والدین نے مبینہ طور پہر غیرت کے نام پر اپنی 13 سالہ بیٹی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ۔ پولیس کے مطابق 13 سالہ بچی کو مرد اُساتذہ اور لڑکوں کے ساتھ زیادہ دوستی کرنے پر گلہ گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ جس کے بعد والدین نے اس قتل کو خود کُشی کا رنگ دینے کے لیے لاش کو جلانے کی کوشش بھی کی۔

پولیس نے محلے داروں کی اطلاع پر گاؤن کا دورہ کیا تو گمشدہ لڑکی کی لاش گھر کے پاس موجود ایک کھیت سے جلی ہوئی حالت میں برآمد ہوئی، آر رادھیکا نامی ساتویں جماعت کی طالبہ کو 15 ستمبر کو جلایا گیا۔ لڑکی کے والد نے ابتدائی طور پر پولیس کو یہ کہہ کر گُمراہ کرنے کی کوشش کی کہ ان کی بیٹی نے خود کو آگ لگا کر خود کُشی کی لیکن تفتیش کے بعد انہوں نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔

(جاری ہے)

مقتولہ کے والد نے بتایا کہ میں نے کلاس سے باہر اپنی بیٹی کو مرد اُستاد اور لڑکوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا تو اسے منع کیا۔ لیکن ظاہری طور پر میری بیٹی نے احتجاجاً مجھ سے کہا کہ اس نے کچھ غلط نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گاؤں والوں نے بھی میری بیٹی کی لڑکوں سے دوستی پر مجھے خبردار کیا۔ بروز جمعہ گھر واپسی پر میں نے رادھیکا کو خاندان کا نام بدنام کرنے پر خوب ڈانٹا اور مارا پیٹا۔ اور بالآخر غصے میں اس کا گلا گھونٹ ڈالا۔ پولیس نے قتل میں مدد کرنے کے جُرم میں رادھیکا کی والدہ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔