بی آر آئی عالمی معاشی خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کریگا

ذرائع ابلاغ ترقی کے چینی نظریہ کے نفاذ کیلئے بھرپور تعاون کرینگے چین میں منعقدہ میڈیا کارپوریشن فورم سے پاکستانی صحافیوں کا خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 14:55

بی آر آئی عالمی معاشی خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کریگا
ڈن ہانگ، چین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) پاکستانی صحافیوں نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی ) کے بارے میں منعقدہ میڈیا کارپوریشن فورم کے ایک اجلاس میں یقین دلایا ہے کہ ان کے ذرائع ابلاغ صدر شی جن پھنگ کے بین الاقوامی اقتصادی ترقی کے نظریہ کو نافذ کرنے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کریںگے، یہ فورم یہاں چینی شہر ڈن ہانگ میں گذشتہ روز منعقد ہوا ، پاکستانی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے بعض نمائندوں نے بھرپور اندازمیں چین کے بی آر آئی منصوبے کے تحت عالمی ترقی کے منصوبوں کی حمایت کا اعادہ کیا ، فورم میں 126ممالک کے 300 ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی جس کا اہتمام چین کے بااثر اخبار پیپلز ڈیلی نے کیا تھا۔

فورم کا افتتاح پیپلز ڈیلی کے صدر یانگ زین وو اور نیشنل پیپلز کانگرس سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین زینگ پنگ نے مشترکہ طورپر کیا ۔

(جاری ہے)

گذشتہ چار سال کے دوران یہ سب سے بڑا نمائندہ فورم تھا جس میں عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے ایک پلیٹ فارم پر بی آر آئی کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے عزم کا اظہار کیا تا کہ شاہراہ ریشم کے گرد واقع ممالک عالمی معاشی خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بہتر انداز میں فورم منعقد کرنے پر پیپلز ڈیلی کے انتظامات کو سراہا ۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوںنے بی آر آئی کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل کرنے میں موثر کردارادا کرے گا۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں میں اے پی پی کے ایم ڈی مسعود ملک ،آئی این پی کے چیف ایڈیٹر سید آصف صلاح الدین اور پاکستان ابزرور کے ایگزیکٹو ایڈیٹر گوہر ملک بھی شامل تھے جنہوں نے افتتاحی تقریب میں خطاب کیا اور کہا کہ چین کا بی آر آئی منصوبہ بین الاقوامی معیشت کو پائیدار اقتصادی اور سماجی ترقی سے ہمکنار کر دے گا ، یہ منصوبہ نہ صرف تیزی سے غربت کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہو گا بلکہ عالمی سطح پر بیروزگاری کے مسائل سے موثر طورپر نمٹنے کیلئے قابل عمل حل فراہم کرے گا ۔