قومی اسمبلی نے وفاقی دارالحکومت میں مزید ہسپتال قائم کرنے کی قرارداد منظور کرلی

منگل 19 ستمبر 2017 14:13

قومی اسمبلی نے وفاقی دارالحکومت میں مزید ہسپتال قائم کرنے کی قرارداد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وفاقی دارالحکومت میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مزید ہسپتال قائم کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی نے منظور کرلی جبکہ متعلقہ وزیر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 1994ء کے بعد کوئی نیا ہسپتال قائم نہیں کیا جاسکا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں طاہرہ اورنگزیب نے قرارداد پیش کی کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں مزید ہسپتال قائم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں پر مری‘ کہوٹہ اور تمام تمام گردونواح سے مریض آتے ہیں۔ اسلام آباد کے ہسپتالوں کے ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض پڑے ہوتے ہیں۔ وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قرارداد کی حمایت کی اور کہا کہ فاضل رکن کی تشویش درست ہے۔

(جاری ہے)

1994ء کے بعد یہاں کوئی نیا ہسپتال قائم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا وہ شہر ہے جس میں مردم شماری کے غیر حتمی نتائج کے مطابق آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک بھر سے آکر لوگ یہاں آباد ہو رہے ہیں۔

پمز 1100 بستروں کا ہسپتال ہے۔ سابق وزیراعظم نے اس ہسپتال کی توسیع کی منظوری دی۔ یہاں نیا ٹراما سنٹر‘ آپریشن تھیٹر‘ آئی سی یو‘ مدر اینڈ چائلڈ کیئر یونٹ سمیت تمام شعبوں میں توسیع کی جارہی ہے۔ پولی کلینک ہسپتال کی بھی استعداد 500 بستروں تک بڑھائی جارہی ہے۔ لہتراڑ روڈ پر سعودی حکومت کے تعاون سے 300 بستروں پر مشتمل ایک نیا ہسپتال بنایا جارہا ہے اس کے علاوہ رورل ہیلتھ سنٹرز بھی بڑھائے جارہے ہیں۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔