ہائیکورٹ نے مریم نواز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی

منگل 19 ستمبر 2017 13:51

ہائیکورٹ نے مریم نواز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ۔ لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے مریم نواز شریف کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار شہری صدرالدین کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کے نتائج آنے کے بعد مریم نواز نے عدالتوں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دئیے اور ججوں کو بھی نشانہ بنا یاجس سے وہ توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہیں ،عدلیہ مخالف بیانات سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے لہٰذا عدالت مریم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کے تحت کارروائی کا حکم دے۔

فاضل عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف توہین عدالت درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسے تھوڑی دیر بعد سناتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔