ملکی آبادی میں معذور افراد کے تناسب میں کمی، پانچویں مردم شماری میں 2.38 فیصد، چھٹی میں 0.48 فیصد سے کم ہو گئی

منگل 19 ستمبر 2017 13:21

ملکی آبادی میں معذور افراد کے تناسب میں کمی، پانچویں مردم شماری میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) چھٹی قومی مردم شماری میں ملک میں معذور افراد کی تعداد ملکی کی مجموعی آبادی کا 0.48 فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ 1998ء میں ہونے والی پانچویں مردم شماری کے مطابق معذور افراد کی تعداد آبادی کا 2.38 فیصد تھی‘ اس طرح 2017ء میں چھٹی مردم شماری کے ابتدائی نتائج کے مطابق معذور افراد کی تعداد میں 80فیصد کمی ہوئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے حکام کے مطابق شماری ڈیٹا کے مطابق ملک میں معذور افراد کی تعداد 10 لاکھ سے کم ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چھٹی مردم شماری نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد خواجہ سرائوں کے علاوہ معذور افراد کی بھی الگ گنتی کی گئی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 44 ہزار 520 افراد پر مشتمل ہے جس میں 1998ء کے بعد 2.4 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ 1998ء کے مقابلے میں 2017ء میں ملک کی مجموعی آبادی 57 فیصد بڑھی ہے۔ اس طرح مجموعی آبادی میں مردوں کی تعداد 10 کروڑ 64 لاکھ 49 ہزار 322 اور خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ 14 ہزار 780 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح ملک میں خواجہ سرائوں کی تعداد 10 ہزار 418 ریکارڈ کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :