پائیدار ترقی جرنلزم ایوارڈ 2017 ء کیلئے پاکستان بھر کے صحافیوں سے نامزدگی فارم طلب

منگل 19 ستمبر 2017 12:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) نے پائیدار ترقی جرنلزم ایوارڈ 2017 ء دینے کے لئے پاکستان بھر کے صحافیوں سے نامزدگی فارم طلب کئے ہیں،یہ ایوارڈز 6کیٹیگریز میں دیئے جائیں گے جبکہ غیر معمولی کارکردگی کے حامل افرادکو دو خصوصی ایوارڈز اور ایک لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

کامیاب صحافیوں میں یہ ایوارڈ 20ویں پائیدار ترقی کانفرنس (ایس ڈی سی) کے موقع پر تقسیم کیے جائیں گے جس کا انعقاد 5سی7دسمبر تک اسلام آباد میں کیا جائے گا، ایوارڈز میں نقد انعام بھی شامل ہے۔ منگل کو ایس ڈی پی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ ایوارڈ بہترین خبر، مضمون،کالم، نیوز پیکیج، دستاویزی فلموں اور ٹاک شوز وغیرہ کی درجہ بندی کے تحت دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کاوشوں کی موضوعات میں پائیدار ترقی کا کوئی بھی معاملہ جیسا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، قدرتی آفات، سماجی و معاشی ترقی، پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) وغیرہ شامل ہو سکتے ہیں۔ ایوارڈ کے مقابلے میں شرکت کے خواہشمند صحافی جن کا تعلق الیکٹرونک میڈیاسے ہو، وہ اپنا کام ای میل یا سی ڈی ارسال کرتے ہوئے جبکہ پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی اپنے کام کے تراشے ارسال کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی اپنا کام ارسال کر سکیں گے۔ مقابلے میں شرکت کی غرض سے بھیجا جانے والا کام یکم جنوری 2017ء سے 31اکتوبر 2017ء کے درمیانی عرصے سے تعلق رکھتا ہو جبکہ اس کا یکم نومبر 2017ء تک [email protected]کے ذریعے یا ایس ڈی پی آئی کے دفتر تیمور چیمبر، فضل حق روڈ، بلیو ایریا اسلام آباد کے پتے پر پہنچنا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :