وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات

منگل 19 ستمبر 2017 12:49

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان اقوام ..
نیو یارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد عبدلغیت نے فلسطین اور جموں و کشمیر کی صورتحال بالخصوص قابض افواج کی جانب سے معصوم شہریوں‘ خواتین‘ بزرگوں اور بچوں کو ظالمانہ اور کھلے عام تشدد کا نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے علاقائی امن‘ ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کیلئے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات بشمول فلسطین کے مسئلہ پر اس کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کو تنظیم کی فعال قیادت کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ مسلم دنیا کے مابین استحکام کیلئے عرب لیگ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے وزیر خارجہ کو قاہرہ کے دورے کی دعوت دی۔ خواجہ محمدآصف نے کرغزستان ‘ بٹسوانہ اور نمیبیا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کی اور مصروف دن گزارا۔

کرغزستان کے وزیر خارجہ ارلان عبدلدائف کے ساتھ ملاقات میں کاسا 1000 منصوبے کیلئے ضروری انتظامات کی تکمیل اور دونوں ممالک کے درمیان قائم کردہ ہوائی رابطوں کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے مختلف کثیر الجہتی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ ‘ شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان 25 سالہ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے دوطرفہ وفود کے تبادلہ اور اعلیٰ سطح پر مشاورت کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ نمیبیا کی وزیر خارجہ نے خواجہ محمد آصف کو اپنی حکومت کی اقتصادی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنے ملک کے سفارتکاروں کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کی جانب سے معاونت کی فراہمی کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر نمیبیا کو ایکسپو پاکستان 2017ء اور آئیڈیاز 2018ء میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ دریں اثناء بٹسوانہ کے وزیر خارجہ پیلونومی وینسن نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی ‘ تجارتی ‘ تعلیمی اور دفاعی شعبہ میں تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے بٹسوانہ کی کاروباری برادری کو بھی ایکسپو 2017ء اور آئیڈیاز2018ء کی شرکت کی دعوت دی۔