قطر کے لیے دہشت گردی کی معاونت سے باز آنے کا وقت آگیا،مصر

مصرمیں جمہوریت اور انسانی حقوق کو کوئی خطرہ نہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے رہیں گے، السیسی

منگل 19 ستمبر 2017 12:32

قطر کے لیے دہشت گردی کی معاونت سے باز آنے کا وقت آگیا،مصر
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ قطر دہشت گردی کی معاونت اور پشت پناہی سے ہاتھ کھینچ لے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی سول سوسائٹی کے نمائندہ گروپ سے ملاقات میں مصری صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک دہشت گردی کی معاونت اور پشت پناہی کررہے ہیں جس کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے قطر کا نام لے کر کہا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی اور معاونت کرنے والوں میں قطر بھی شامل ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دوحہ دہشت گردوں کی معاونت سے باز آجائے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی اصل ذمہ داریاں پوری کرے۔صدر عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ قطر کو دوسرے عرب ممالک کے مفادات کو ضرر پہنچانے کی پالیسی سے باز آنا اور عدم مداخلت کی پالیسی اپنانا ہوگی۔

(جاری ہے)

یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب قطر بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ممالک کے مطالبات کا مثبت جواب دے گا۔صدر السیسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے چار اہم امور پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ بلا تفریق تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاندار کارروائی، دہشت گردوں کی مالی معاونت، اسلحہ، مادی اور معنوی، امداد، سیاسی اور نظریاتی سپورٹ روکنا، جنگجو گروپوں کی مزید بھرتیوں کا راستہ بند کرنا اور خطے کے قومی اداروں کو دہشت گردوں سے محفوظ بنانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :