کراچی میں تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل پر 75ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور چین کے مابین دوستانہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا،گورنر سندھ محمد زبیر کی ریڈیو پاکستان سے گفتگو

منگل 19 ستمبر 2017 12:16

کراچی میں تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل پر 75ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) سندھ کے گورنر محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل پر 75ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور چین کے مابین دوستانہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا،گوادر میں تعمیراتی منصوبوں کے نتیجے میں علاقے میں خوشحالی سے لوگ بہت خوش اور مطمئن ہیں۔

(جاری ہے)

ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل ملک میں خوشحالی کی نئی تاریخ رقم کرے گی، پاکستان اور چین کے مابین برسوں سے دوستانہ تعلقات قائم ہیں، سی پیک منصوبے کی تکمیل سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی مزید پروان چڑھے گی۔گورنر سندھ نے پولیو سے متعلق آگاہی مہم اور دور دراز علاقوں تک پولیو ٹیموں کی رسائی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ والدین اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کیلئے پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ انسداد پولیو کے قطروں کے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے علماء اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے بھی معاونت لینے کا مشورہ دیا۔