بنگلہ دیش، 20 ہزار افراد کی روہنگیا مسلمانوں کے حق میں ریلی

منگل 19 ستمبر 2017 11:47

بنگلہ دیش، 20 ہزار افراد کی روہنگیا مسلمانوں کے حق میں ریلی
ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کم ازکم 20 ہزار افراد نے پڑوسی ملک میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر سکیورٹی فورسز کے مظالم کے خلاف ریلی نکالی۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق مظاہرین بنگلہ دیش کی سب سے بڑی مسجد کے باہر جمع ہوئے اور پھر انھوں نے میانمار کے سفارت خانے تک احتجاجی مارچ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ریلی کا اہتمام حفاظت اسلامی گروپ نے کیا اور اس نے کہا کہ اس کے ہزاروں کارکنان میانمار کے سفارت خانے کا گھیراؤ کریں گے لیکن ڈھاکہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی اور انھوں نے مظاہرے کے شرکاء کو سفارت خانے کی عمارت کی جانب جانے سے روک دیا۔ ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس کے ڈپٹی کمشنر انو ر حسین نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ احتجاجی مظاہرے میں قریباً بیس ہزار افراد نے شرکت کی ہے۔

پہلے کشیدگی پائی جا رہی تھی لیکن بعد میں مظاہرین آہستہ آہستہ پر امن طور پر منتشر ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو بھی 15 ہزار افراد نے میانمار کے خلاف مظاہرہ کیا تھا اور انھوں نے بنگلہ دیشی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی بن کر نہ بیٹھے اور میانمار کے خلاف جنگ کا اعلان کرے۔

متعلقہ عنوان :