سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی سے ملاقات

دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ دفتر خارجہ

منگل 19 ستمبر 2017 03:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی سے ملاقات کی، دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس کے موقع پر یہاں نیویارک میں ہوئی ۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان میں امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام کیلئے افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان کی صورتحال کا کوئی فوجی حل نہیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ افغان عوام اور قیادت پر مشتمل امن عمل پر توجہ دینا ہوگی۔ سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتی ہے اور انہوں نے تمام سطحوں پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔