معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے کیلئے سماجی خدمات کو آگے بڑھانا ضروری ہے،سربراہ المصطفی ویلفیئر سوسائیٹی

منگل 19 ستمبر 2017 00:01

سکھر۔18ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی و سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب نے کہا ہے کہ معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے کیلیے سماجی خدمات کو آگے بڑھانا ضروری ہے، فلاحی کاموں کا دائرہ وسیع کرنے کیلیے سکھر سمیت دیگر شہروں میں تنظیمی سروے مکمل کرلیا گیا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی سکھر کے صدر قاضی عنایت اللہ کی رہائشگاہ پر عہدیداروں کے اجلاس میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا، جنرل سیکریٹری فاروق اختر خان، شرافت اللہ خان، جی ڈی شیخ، بابو عبدالعزیز، قاضی نعمت اللہ، ملک عبدالمجید، لالہ اشفاق، انعام اللہ ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے، حاجی حنیف طیب نے کہا کہ سکھر میں جلد ایمبولنس سروس کا آغاز کیا جارہا ہے اور آئندہ ماہ سکھر میں ہونٹ اور تالو کٹے بچوں کے آپریشن اور علاج کیلیے مفت طبی کیمپ لگایا جائیگا، سکھر میں غریب اور مستحق افراد کو مفت علاج معالجے کیلیے فلاحی اسپتال کے قیام کیلیے بھی عہدیدار متحرک ہیں، جلد اس سلسلے میں خوشخبری دینگے، انھوں نے عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، یہ کام خدمت انسانیت ہے، اس کا اجر اللہ تعالیٰ عطاء فرمائے گا۔