حلقہ این اے 120کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کا سہرا مریم نواز کو جاتا ہے جنہوں نے شاندار انتخابی مہم چلائی،مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریگی،وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 18 ستمبر 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریگی، موجودہ حکومت نے 2013ء کے عام انتخابات کے بعد اقتدار سنبھالتے ہی ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوششیں شروع کر دیں اور سی پیک جیسا گیم چینجر منصوبہ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی کاوشوں ہی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے وسائل پیدا کرنے سمیت عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کا سہرا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو جاتا ہے جنہوں نے مزکورہ حلقے میں شاندار انتخابی مہم چلائی۔