گوجرخان، چوبیس گھنٹوں میںدو کباڑخانوں میں آتشزدگی ،سامان جل کر خاکستر ہوگیا

پیر 18 ستمبر 2017 22:47

گوجرخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) گوجرخان میںچوبیس گھنٹوں کے دوران دو کباڑخانوں میں آتشزدگی کے بڑے واقعات ہوئے،سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ آبادیوں میں واقع کباڑخانے ڈینگی کی افزائش گاہ بن گئے۔ گوجرخان شہر میں درجنوں کباڑخانے قائم ہیں گزشتہ روز ہائوسنگ سکیم میں واقع کباڑخانے میں آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملنے پر ریسکیو1122موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پالیا، یاد رہے کہ ہفتہ کی رات تحصیل روڈ پر واقع کباڑخانے میں بھی آتشزدگی کے باعث سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او اشتیاق مسعود چیمہ نے کہا ہے کہ کباڑخانوں کے حوالہ سے مکمل کوائف حاصل کئے جارہے ہیں، اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر شیراز اسلم نے کہا ہے کہ کباڑخانوں کیلئے حکومت پنجاب نے باضابطہ لائسنس جاری کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں اور ان کباڑخانوں کو اجازت دی جائے گی جوکہ قانون کے مطابق یہ کاروبار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کباڑخانوں میں باقاعدہ شیڈ ہونا چاہیے جبکہ کھلی فضا میں پانی سے ڈینگی وائرس کے پھیلنے کا اندیشہ ہے جس پر کباڑخانے سیل بھی کئے جارہے ہیں، اس ضمن میں کوئی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔