ضلع ہری پور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید2افرادجاں بحق ،حفاظتی اقدمات کا فقدان،مریضوں کی تعداد میں اضافہ

پیر 18 ستمبر 2017 22:32

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) ضلع ہری پور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید2افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔ضلع میں حفاظتی اقدامات کے فقدان کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ضلع ہری پور کی یونین کونسل سرائے نعمت خان میں تاج محمد مستری اورنورپور میں محمد بخشیش ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ۔دونوں مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال ہری پور اور ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیرعلاج رہے ۔

(جاری ہے)

ڈینگی وائرس سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی حکومت اورصوبائی محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی وائرس کوکنٹرول کرنے کے صرف دعوے کئے جارہے ہیں،عملی اقدامات کا فقدان ہے۔ محکمہ صحت وانتظامیہ صرف ریلیوں اورسیمینارزتک محدود ہے۔یونین کونسل سرائے نعمت خان و پنڈہاشم خان میں ڈنیگی کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔ ضلع ہری پور کے دیگر علاقوں میں بھی ڈینگی وائرس پھیل رہا ہے ۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈنیگی وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ اس مرض پر قابو پایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :