سراج الحق کا این اے 120پارٹی امیدوار کی بدترین شکست پر شدید برہمی کا اظہار ،حلقے کی قیادت سے رپورٹ مانگ لی

پیر 18 ستمبر 2017 22:26

سراج الحق کا این اے 120پارٹی امیدوار کی بدترین شکست پر شدید برہمی کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حلقہ این اے 120 لاہور میں پارٹی امیدوار کی بدترین شکست اور شرمناک ووٹ ملنے پرحلقے کی پارٹی قیادت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور اسے لمحہ فکریہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لاہور کے حلقہ این اے 120 میں پارٹی کے امیدوار ضیاء الدین انصاری کی جانب سے صرف 558ووٹ لینے کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کئی مرتبہ اس حلقہ سے جیتتی رہی ہے،آئی جے آئی کے اتحاد کے دور میں بھی جماعت اسلامی کا امیدوار جیتا تھا اور اس کے علاوہ بھی بعد کے الیکشنز میں جماعت اسلامی کا کم از کم 12 سے 15ہزار تک ووٹ بینک رہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بعض رہنمائوں نے الیکشن سے قبل پارٹی قیادت کو مشورہ دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کر دی جائے تاہم اس وقت یہ بات نہ مانی گئی، اور اب رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اگر ایسا کر دیا جاتا تو عزت رہ جاتی تاہم اب صورتحال بہت خراب ہے اور یہ لمحہ فکریہ ہے، اس پر پنجاب میں پارٹی قیادت کی ناقص کارکردگی اور انتخابی مہم میں غفلت برتنے پر سینیٹر سراج الحق نے نوٹس لیتے ہوئے حلقے اور صوبائی قیادت سے رپورٹ مانگ لی ہے۔

متعلقہ عنوان :