وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی محکمہ آبنوشی کے حکام کو صوبے بھر میں عوام کو پینے کے پانی فراہم کرنیکی ہدایت

محکمہ کے اہلکار کسی بھی علاقے میں واٹر سپلائی سکیم مکمل کر کے مطمئن ہو جاتے ہیں بعد میں سکیم کی دیکھ بھال یا نگرانی کا عمل بالکل بھول کر مقامی لوگوں کو حالات ومسائل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں جو انتہائی غلط اور فرائض منصبی کے برعکس ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی اپنے حلقہ نیابت نوشہرہ کے مختلف دیہات سے آئے مشترکہ وفد سے گفتگو

پیر 18 ستمبر 2017 22:23

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی محکمہ آبنوشی کے حکام کو صوبے بھر میں عوام ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ آبنوشی کے حکام کو صوبے بھر میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی صورت حال بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ محکمہ کے اہل کار کسی بھی علاقے میں واٹر سپلائی سکیم مکمل کر کے مطمئن ہو جاتے ہیں اور بعد میں سکیم کی دیکھ بھال یا نگرانی کا عمل بالکل بھول کر مقامی لوگوں کو حالات اور مسائل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں جو انتہائی غلط اور ان کے فرائض منصبی کے برعکس بات ہے وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اپنے حلقہ نیابت نوشہرہ کے مختلف دیہات سے آئے مشترکہ وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے اپنے علاقوں کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور بالخصوص آبنوشی سے متعلق مسائل و مشکلات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ آبنوشی کے افسران کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار خان، پی ایس او عطا الرحمان، ڈپٹی سیکرٹری سپیشل ٹاسک خالد اکبر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے موجود حکام کو ہدایت کی کہ وہ خود کو آقا نہیں بلکہ خادم سمجھیں اور عوام کی مخلصانہ خدمت کو شعار بنائیں تو دنیا و آخرت دونوں میں سرخرو ہوں گے انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلوں کی تکمیل اور پانی کی سپلائی شروع ہونے کے مراحل سے لے کر انکی دیکھ بھال میں محکمانہ غفلت کسی طور قابل قبول نہیں اسلئے محکمہ آبنوشی اہلکار نہ صرف واٹر سپلائی سکیموں کی بر وقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائیں بلکہ بعد میں انکی دیکھ بھال اور مرمت کا کام بھی عوام کی تسلی کے مطابق سر انجام دیں اور یہ عمل رکنے کی بجائے مسلسل جاری رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ شمسی توانائی سے ٹیوب ویلوں اور دیگر واٹر سپلائی سکیموں میں بجلی کے بلوں کے بھاری بھر کم اخراجات میں بچت کے علاوہ شہریوں کو بلا تعطل چوبیس گھنٹے پانی کی سپلائی ممکن بنے گی تاہم اس ضمن میں نگرانی کا عمل بھی مسلسل جاری رہنا ضروری ہے نہ کہ سرکاری اہلکار ان سکیموں کو لوگوں کے رحم و کرم اور شہریوں کو مسائل کے گرداب میں چھوڑ کر خود اپنے ائیر کنڈیشنڈ دفاتر میں آرام کا راستہ اپنائیں انہوں نے کہا کہ مختلف دیہات اور علاقوں میں لوگوں کو ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمر سے لے کر پائپ لائن کی لیکج اور تعمیر و مرمت کے مسائل درپیش ہوتے ہیں جنکا ازالہ حکام کو موقع پر جا کر لوگوں کی تسلی کے مطابق کر لینا چاہئے۔

وفد نے انکی معروضات کے مناسب ازالے کے لئے اقدامات پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور صوبے میں اصلاحات اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے ضمن میں تاریخ ساز اقدامات پر پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انکے ووٹر ہونے پر فخر ہے۔