ْ سابقہ حکومت کے اعمال وکرپشن کی وجہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصاب خانہ بنا ہوا تھا ہماری حکومت نے قصاب خانہ کو شفاخانہ ،تعفن زدہ کمروں کو وی آئی پی ریسٹ ہائوس بنا دیا ہے ،ایجوکیشن وصحت میں سیاست کرنا انسانیت کی توہین ہے

صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان کی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 18 ستمبر 2017 21:44

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) سینئر صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے قصاب خانہ کو شفاخانہ جبکہ تعفن زدہ کمروں کو وی آئی پی ریسٹ ہائوس بنا دیا ہے ،ایجوکیشن اور صحت میں سیاست کرنا انسانیت کی توہین ہے ،وہ بروز پیر ڈی ایچ کیو سکردو میں پولیو کی قومی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے اعمال اور کرپشن کی وجہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصاب خانہ بنا ہوا تھا جہاں بدبو دار کمروں اور گندگی کی وجہ سے پورا ہسپتال کچرے کا ڈھیر بن چکا تھا تاہم ہماری حکومت نے انقلابی اقدامات کر تے ہوئے سلاٹر ہائوس کو شفاخانہ بنا دیا ہے اور ہسپتال کے کمروں کو وی آئی پی ریسٹ ہائوس بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم انتہائی مقدس اور اہم ترین شعبے ہیں جہاں نیک نیتی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ایسے اداروں کو سیاست کی نذر کرنا انسانیت کی توہین ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر محمد اقبال نے پولیو مہم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 18ستمبر سے شروع ہونے والی قومی پولیو مہم کے دوران چاروں اضلاع کے 72ہزار 7سو ستائیس پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جن میں سکردو کے 35383،گانچھے کے 17865،کھرمنگ کے 7651اور شگر کے 11828بچے شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مہم کو کامیاب اور موثر بنانے کیلئے 304موبائل ٹیمیں،فکسڈ پوائنٹس140،ٹرانزٹ پوائنٹس 27جبکہ 41زونل سپروائزر اس مہم کی نگرانی کرینگے ۔تقریب کے آخر میں سینئر صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان اور رکن جی بی کونسل وزیر اخلاق حسین نے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کاآغاز کیا۔

متعلقہ عنوان :