ْایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں،مقامی صنعت پی اے ایف

کولڑاکاطیاروں کے پارٹس و پرزہ جات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پی اے ایف کی دیگر ضروریات کو پورا کرنے میںاپنا کردار ادا کرے ، پاکستان کے دفاعی و اقتصادی مفادات کو فروغ دینے کے لئے پاک فضائیہ نجی شعبے کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے ایئر چیف مارشل سہیل امان اسلام آباد چیمبر کے زیر اہتمام عشائیہ سے خطاب

پیر 18 ستمبر 2017 20:51

ْایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے پرکشش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں لہذا وہ ان مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے، پاک فضائیہ لڑاکا طیاروں کے چند پارٹس و پرزہ جات مقامی مارکیٹ سے حاصل کر رہی ہے اور ان کی خواہش ہے کہ مقامی صنعت پاک فضائیہ کو مزید پارٹس و پرزہ جات فراہم کرے جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہو گی، مختلف صنعتیں ایک لڑاکا طیارے کے پارٹس و پرزہ جات تیار کرتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ نجی شعبہ اس میدان میں آگے آئے اور پاک فضائیہ کی ان ضروریات کو پورا کرنے میںاپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عشائیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان کے اعزاز میں کیا ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب، سپین اور دیگر ممالک کے سفراء سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ حکومت اور دفاعی فورسز ملک کے دفاعی و اقتصادی مفادات کے تحفظ کیلئے ہم آہنگ و پرعزم ہیں لہذا پاکستانی قوم کوملک کے دفاع کیلئے کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر 43ممالک کا اتحاد افغانستان میں مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تو ان ناکامیوں کیلئے پاکستان کو کوئی الزام نہیں دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت کیلئے متعدد فوائد کا حامل ہے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس سلسلے میں مقامی صنعت کے تحفظ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایئر فورس کے کردار پر روشنی ڈالی اور ان کے اعزازمیں عشائیہ منعقد کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نجی شعبے کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے تا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے دفاعی و اقتصادی مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کی حوصلہ افزائی کا خیر مقدم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ایوی ایشن سیکٹر کی سہولیات کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایئر چیف مارشل کی مثبت اپروچ کی وجہ سے ان مقاصد کے حصول کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زونز میں ایوی ایشن انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کرنے والے صنعتی یونٹس لگانے کی حوصلہ افزائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاک ٖفضائیہ نے ملک کی دیگر دفاعی فورسز کے ساتھ ملک کر ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے جو کوششیں کی ہیں تاجر برادری ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کوششوں کی وجہ سے پاکستان میں پرامن ماحول قائم ہو گا، کاروباری سرگرمیوں کو بہتر ترقی ملے گی، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی اور معیشت بہتر ی کی طرف گامزن ہو گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے اپنے خطاب میں چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، سفراء اور تمام شرکا کا عشائیہ میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایئر چیف مارشل کی حوصلہ افزاء اپروچ کی وجہ سے ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کی طرف بہتر پیشرفت ہو گی۔

تقریب کے اختتام پر فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے پی اے ایف کے زیر انتظام غریب طلبا کو مفت تعلیم فراہم کرنے والے تعلیمی ادارے کیلئے چیف آف ایئر سٹاف کو تاجر برادری کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ نے چیمبر کے سینئر ممبر ناصر قریشی کو پاک فضائیہ کی مختلف بیسز کو 19لاکھ روپے لاگت کی ادویات مفت فراہم کرنے کے اعتراف میں ان کو شیلڈ پیش کی۔