چارسدہ، این سی ایچ ڈی ملازمین کا مطالبات کی منظوری کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

پیر 18 ستمبر 2017 18:42

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) این سی ایچ ڈی ملازمین کا مطالبات کے منظوری کیلئے چارسدہ پریس کلب کے سامنے زبر دست احتجاجی مظاہرہ۔ چیئرپرسن کو فوری طور پر ہٹانے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق سر وس رولز کے اطلاق اور 2013کے واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ ۔ اس سلسلے میں این سی ایچ ڈی چارسدہ کے درجنوں ملازمین نے چارسدہ پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے کی منظوری کیلئے زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے ادارے کے جی ایم طاہر شریف نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق گزشتہ چار سال سے ملازمین کے سروس رولز کا تاحال نفاذ نہ ہو سکا ہے جبکہ 2013سے ملازمین کے بقایاجات کی ابھی تک ادائیگی بھی نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریگولر ادارے کے سٹرکچر میں کنٹریکٹ ملازمین کا کوئی تصور نہیں مگر اب بھی ہیڈ آفس میں گنتی کی چند کنٹریکٹ ملازمین نے پورے ادارے کو یر غمال بنایا ہو ا ہے ۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ادارے کی منیجمنٹ ملازمین کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرینگے ۔ انہوں نے ادارے کے چیئرپرسن روزینہ عالم کو فور ی طور پر فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مقررین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مداخلت کرکے ادارے اور ملازمین کو تباہی سے بچائیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم کے نونہالوں کے مستقبل سے کھیلنا بند کیا جائے۔