محرم الحرام کے دوران بین المسالک اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے ،میئر کراچی

ہمیں اپنے شہر میں امن و امان اور ترقی کے لئے باہمی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے، وسیم اختر کا اجلاس سے خطاب

پیر 18 ستمبر 2017 18:19

محرم الحرام کے دوران بین المسالک اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہم سب کے لئے قابل احترام ہے ،محرم الحرام کے دوران بین المسالک اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے ہمیں اپنے شہر میں امن و امان اور ترقی کے لئے باہمی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے، محرم کی مجالس اور عاشورہ کے جلوس سمیت تمام مذہبی اجتماعات کے انتظامات کے سلسلے میں درپیش مسائل باہمی اشتراک اور تعاون سے حل کئے جائیں گے، سندھ حکومت سے درخواست کروں گا کہ ہمیں شہری مسائل کا عارضی نہیں مستقل حل چاہئے، پانی و سیوریج کا نظام، سڑکیں، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر حالت میں ہے،تمام چیلنج سامنے ہیں اس کے باوجود ہمت نہیں ہارے، دستیاب فنڈز کے ذریعے جو بھی انسان کے بس میں ہے ہم کر رہے ہیں ، شہریوں سے درخواست ہے کہ صفائی ستھرائی میں ہماری مدد کریں، نالوں اور دیگر جگہوں پر کچرا نہ ڈالیں، اجتماعی کوشش کے بغیر مسائل کے حل میں کامیاب نہیں ہوسکتے، یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، علامہ عباس کمیلی، علامہ فرقان حیدر عابدی، سید وقار حسین تقوی، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالکریم عابد،مذہبی اسکالر علامہ شاہ فیروزالدین رحمانی، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سید بدر علی،شیعہ علماء کونسل کے علامہ جعفر سبحانی،دعوت اسلامی کے محمد یعقوب عطاری، اے این آئی کے محمد سلیم عطاری،مرکزی اہلسنت و جماعت کے مولانا محمد اکبر درس،جمعیت علمائے پاکستان کے محمد صدیق راٹھور، مولانا قاضی احمد نورانی، پاک حسینی اسکائوٹس کے عباس بادامی،علامہ اطہر حسین، شبر رضا، ڈی آئی جی ٹریفک ایم اصغر عثمان، ایس ایس پی ٹریفک الٰہی بخش، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چیئرمین سید احمر علی، ایڈمنسٹریٹر ضلع غربی غلام فرید، وائس چیئرمین ضلع وسطی شاکر علی، ضلع جنوبی کے میونسپل کمشنر آفاق سعید، میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش، اکبر شاہ ہاشمی، میونسپل کمشنر نوازنسیم، مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس شیخ، سٹی کونسل کی دیگر کمیٹیوں کے چیئرمین و ارکان کے علاوہ سینئر کے ایم سی افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی وسیم اختر نے اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے چار دن قبل یہ اجلاس بلانے کا مقصد محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ اور دیگر سطحوں پر ہونے والے اجلاسوں میں رہ جانے والے مسائل کی نشاندہی کرنا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے، مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علمائے دین اور محرم الحرام کے جلوسوں کے منتظمین نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے اس سے ہمیں بہت مدد ملی ہے، محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات سے متعلق شکایات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کمپلین نمبر 1339 یا ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے رابطہ نمبر پر درج کرائی جاسکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کی آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں ہم نے محرم الحرام کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کی سطح پر دس دن پہلے ہی کام شروع کردیئے تھے، شہر کی سڑکوں کا برا حال ہے حالیہ بارشوں کی وجہ سے سڑکوں کی پیوند کاری کا کام رکا ہوا تھا تاہم اب ہم نے یہ کام شروع کردیا ہے پھر بھی تمام سڑکیں فوری طور پر نہیں بن سکتی اس میں وقت لگے گا، انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر کام کریں گے تو شاید مسئلے کا حل نکل آئے گا، یہ ہمارا شہر ہے اور ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نہ صرف بلدیہ عظمیٰ کراچی بلکہ شہر کے تمام بلدیاتی ادارے ،واٹر بورڈ ، کے الیکٹرک، پولیس سمیت سب ہی شہری ادارے محرم الحرام کے دوران اور بالخصوص عاشورہ محرم کے سلسلے میں بہترین انتظامات کے لئے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کو یقینی بنائیں گے اور شہر میں موجود مسائل مل جل کر حل کریں گے، قبل ازیں اجلاس میں شریک علمائے دین اور محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں خاص طور پر محرم کی جلوسوں کی گزرگاہوں پر سڑکوں کی مرمت و پیوندکاری، پانی و سیوریج کے نظام کی درستگی، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی اور صفائی ستھرائی کے کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران مجالس، جلسوں اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں اور دیگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس بلانے پر میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بحیثیت میئر کراچی ان کی ایک مرکزی حیثیت ہے لہٰذا میئر کراچی کی سربراہی اور نگرانی میں ہی کراچی کے مسائل کو حل کیا جانا چاہئے، انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین بھی اپنے اپنے علاقوں میں مسائل کے حل کے لئے فعال کردار ادا کریں، جعفریہ الائنس کے علامہ عباس کمیلی نے اس موقع پر شہری مسائل کے حل کیلئے کے الیکٹرک اورواٹر بورڈ کو میئر کراچی کے تحت لانے کا مطالبہ اور مستقل بنیادوں پر شہری مسائل کے حل کے لئے کمیٹی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :