چودھری پرویزالٰہی نے غریبوں کی محرومیاں ختم کیں، چودھری الطاف حسین کی وفد کے ساتھ ملاقات

جنوبی پنجاب میں شہبازشریف نے ہمارے ترقیاتی منصوبے ختم کر کے عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا، سابق نائب وزیراعظم لیہ کا دور کریں گے

پیر 18 ستمبر 2017 18:08

چودھری پرویزالٰہی نے غریبوں کی محرومیاں ختم کیں، چودھری الطاف حسین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2017ء) چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کے غریبوں باالخصوص جنوبی پنجاب کے نہایت پسماندہ طبقوں کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کیے جو آج بھی ان کی حکومت کو یاد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران لیہ کے پارٹی رہنمائوں کے وفد کے ہمراہ سابق ایم پی اے چودھری الطاف حسین نے کیا۔

انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کو تنظیم سازی سے آگاہ کیا اور این اے 181 اور پی پی 262 کے عوام کی طرف سے دورہ لیہ کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور محرومیوں کو دور کرنے کیلئے ہم نے وہاں ترجیحی بنیادوں پر عوامی فلاحی منصوبوں کا آغاز کیا تھا مگر شہبازشریف نے ہمارے یہ منصوبے بند کر کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ورنہ آج جنوبی پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا اور وہاں کے عوام پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنوبی پنجاب میں آئے روز آئل ٹینکرز کے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے قائم کردہ برن سنٹر کام کر رہے ہوتے تو ایسے حادثات میں قیمتی جانوں کا نقصان کم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 سروس بلاتفریق عوام کی خدمت کر رہی ہے، شہبازشریف نے آج تک اس جیسا ایک بھی عوامی فلاحی منصوبہ شروع نہیں کیا۔

وفد میں چودھری شمشاد علی، حاجی محمد اشرف بھٹی، عثمان علی، قمر شہزاد، حامد منیر، محمد اصغر، چودھری کرامت، رانا منصب اور چودھری خلیل احمد بھی شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے لیہ میں تنظیم سازی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارکن متحرک ہو جائیں، پاکستان مسلم لیگ کا انقلابی اور عوامی منشور گھر گھر پھیلائیں اور عوام کو بتائیں کہ ہماری جماعت کا بنیادی مقصد عوام اور پاکستان کی خدمت اور ترقی ہے اور اگر ہمیں دوبارہ موقع دیا گیا تو ہم اپنے تمام فلاحی منصوبے بحال کرنے کے علاوہ نئے انقلابی منصوبوں پر بھی کام کریں گے۔