ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کیلئے کاروبار وسرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، ایئر چیف مارشل سہیل امان

نجی شعبہ پی اے ایف کی سہولیات کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، خالد اقبال ملک

پیر 18 ستمبر 2017 18:08

ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کیلئے کاروبار وسرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2017ء) چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں لہذا وہ ان مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس لڑاکا تیاروں کے چند پارٹس و پرزہ جات مقامی مارکیٹ سے حاصل کر رہی ہے اور ان کی خواہش ہے کہ مقامی صنعت پی اے ایف کو مزید پارٹس و پرزہ جات فراہم کرے جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہو گی۔

ایئر چیف مارشل نے کہا کہ مختلف صنعتیں ایک لڑاکا تیارے کے پارٹس و پرزہ جات تیار کرتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ نجی شعبہ اس میدان میں آگے آئے اور پی اے ایف کی ان ضروریات کو پورا کرنے میںاپنا کردار بڑھائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عشائیے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان کے اعزاز میں کیا۔

سعودی عرب ، سپین اور دیگر ممالک کے سفراء سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔چیف آف ائیر سٹاف نے کہا کہ حکومت اور دفاعی فورسز ملک کے دفاعی و اقتصادی مفادات کے تحفظ کیلئے ہم آہنگ و پرعزم ہیں لہذا پاکستانی قوم کوملک کے دفاع کیلئے کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 43ممالک کا اتحاد افغانستان میں مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تو ان ناکامیوں کیلئے پاکستان کو کوئی الزام نہیں دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت کیلئے متعدد فوائد کا حامل ہے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس سلسلے میں مقامی صنعت کے تحفظ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایئر فورس کے کردار پر روشنی ڈالی اور ان کے اعزازمیں عشائیہ منعقد کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ایف نجی شعبے کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے تا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے دفاعی و اقتصادی مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کی حوصلہ افزائی کا غیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ایوی ایشن سیکٹر کی سہولیات کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایئر چیف مارشل کی مثبت اپروچ کی وجہ سے ان مقاصد کے حصول کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زونز میں ایوی ایشن انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کرنے والے صنعتی یونٹس لگانے کی حوصلہ افزائی کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے ملک کی دیگر دفاعی فورسز کے ساتھ ملک کر ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے جو کوششیں کی ہیں تاجر برادری ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کوششوں کی وجہ سے پاکستان میں پرامن ماحول قائم ہو گا، کاروباری سرگرمیوں کو بہتر ترقی ملے گی، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی اور معیشت بہتر ی کی طرف گامزن ہو گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے اپنے خطاب میں چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، سفراء اور تمام شرکا کا عشائیہ میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایئر چیف مارشل کی حوصلہ افزاء اپروچ کی وجہ سے ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کی طرف بہتر پیش رفت ہو گی۔

تقریب کے اختتام پر فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے پی اے ایف کے زیر انتظام غریب طلبا کو مفت تعلیم فراہم کرنے والے تعلیمی ادارے کیلئے چیف آف ایئر سٹاف کو تاجر برادری کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا جبکہ چیف آف ایئر سٹاف نے چیمبر کے سینئر ممبر ناصر قریشی کو پی اے ایف کی مختلف بیسز کو 19لاکھ روپے لاگت کی ادویات مفت فراہم کرنے کے اعتراف میں ان کو شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :