ہنگو ،ْجمعیت علماء اسلام ضلع ہنگو کا برما میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مظالم کے خلاف زبر دست احتجاجی مظاہرہ

اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی دعویدار تنظیموں کی عالمی دہشت گردی پر خاموشی پر شدید برہمی پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دینے میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم

پیر 18 ستمبر 2017 16:10

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام ضلع ہنگو نے برما میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مظالم کے خلاف زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ علماء کرام نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی دعویدار تنظیموں کی عالمی دہشت گردی پر خاموشی پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دینے میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کا اظہار کیا ۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے ضلعی قائدین اور علماء کرام کی قیادت میں الشیراوی مسجد ہنگو سے مین بازار ریلوے چوک تک برما میں مسلمانو ں کی نسل کشی اور ظالمانہ قتل و غارت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروںکارکنان ،علماء کرام اور علاقہ عوام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلوے چوک پر احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر جے یو آئی مفتی دین اظہر حقانی،ایم پی اے مفتی سید جنان،ضلع ناظم مفتی عبید اللہ، سابق ایم پی اے عتیق الرحمان، مولانا حسین جلالی،مولانا تحسین اللہ،تحصیل ناظم ٹل حاجی پیاوزار،تحصیل ناظم ہنگو عامر غنی، حاجی ضیاء السلام، مولانا رحمت اللہ زار و دیگر نے کہا کہ برما میں نہتے بے گناہ مسلمانوں کی قتل و غارت نسل کشی اور انتہائی مظالم ڈھانا کھلم کھلا عالمی دہشت گردی کا ثبوت ہے۔

اور کفریہ قوتیں ایک سازش کے تحت مسلمانان عالم اور اسلام کے خلاف سرگرم ہو کر عالم امن کو داو پر لگانے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی اور جاری مظالم پر اقوام متحدہ سمیت عالمی انسانی حقوق کی دعویدار تنظیموں کی خاموشی انسانیت سوز دہشت گردی کی حمایت کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ برما مسلمان کیساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے ظلم ،بربریت کا قصاص لینے میں جانوں کے نذرانے پیش کررنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

مقررین نے کہا کہ امریکہ کی پاکستان مخالف پالیسی قابل مزمت ہے اور وطن عزیز پر کوئی جارحیت مسلط کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی تو لاکھوں کروڑوں فرزندان اسلام اور محب وطن پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے پاکستان کو امریکیوں کا قبرستان بنا دیا جائے گا۔مقررین نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ ف الفور برما حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کر کے برمی سفارتخانہ بند کراتے ہوئے برمی سفیر کو ملک بدر کر دے۔انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف پارلیمنٹ کے فلور پر آواز بلند کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :