کلثوم نواز کی کامیابی کے اعلان کے بعد ہزارہ کے مختلف اضلاع میں لیگی کارکنوں کی اظہار تشکر ریلیاں

پیر 18 ستمبر 2017 15:37

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) لاہور کے حلقہ این اے 120- کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کی کامیابی کے اعلان کے بعد ہزارہ کے مختلف اضلاع میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اظہار تشکر ریلیاں نکالیں۔ ریلیوں کی قیادت مسلم لیگ کی ضلعی عہدیدران نے کی۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کلثوم نواز کی ضمنی انتخاب میں کامیابی کے اعلان کے بعد پیر کو ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام اور تورغر میں مقامی لیگی رہنمائوں کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کارکنوں نے اظہار تشکر ریلیاں نکالیں۔

مختلف اضلاع میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقامی لیگی قائدین نے کہا کہ این اے 120 کے عوام نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے سابق وزیراعظم کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے، این اے 120 میں الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم تھا، عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت سابق وزیراعظم کو نااہل قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار نہ صرف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے بلکہ وفاق سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) اپنی حکومتیں بنائے گی۔

لیگی قائدین نے کہا کہ وطن عزیز اور مسلم لیگ کے خلاف سازشیں کرنے والے ہر محاذ پر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے اور محمد نوازشریف ہی ملک کے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :