اقوام عالم کشمیری کے عوام کو حق خوداردیت دلوانے کیلئے اپنا کردار اداکریں‘ چوہدری پرویز اشرف

پیر 18 ستمبر 2017 15:28

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما وسابق وزیر حکومت چودھری پرویزاشرف نے کہاہے کہ کشمیر ی عوام نے حق خوداردیت کے حصول کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔اقوام عالم کشمیری کے عوام کو حق خوداردیت دلوانے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔آج جنیوا میں اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر آئی آئی آر کے زیراہتمام ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاجائیگا۔

جس میں آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر ،چودھری پرویز ،چودھری محمد یٰسین ،فیض نقشبندی اور امجد یوسف کے علاوہ سینکڑوں کشمیری تارکین وطن اس احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کرینگے۔وہ آج یہاں دبئی سے جنیواپہنچے پر کشمیری تارکین وطن سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے فوج کو آزادکشمیر کے اندر داخل ہوکر کارروائیاں کرنے کی جوہدایت کی قابل مذمت اور تشویشناک عمل ہے ، جنگجوئوں کے نام پر کشمیرکے دونوں اطراف میں کشمیریوں کا جینا محال کردیاہے ۔

آج اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے باہر مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ میں اقوام عالم کو باور کرنا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہاہے ۔ کشمیری مائوں بہنوں کی عصمت دری کی جارہی ہے۔ بھارتی قابض فورسز نے اگر آزادکشمیر میں جنگجوئوں کے نام پر ’’گرم تعاقب ،،جیسی کارروائیاں شروع کی تومہنگی پڑیں گی ۔

آزادکشمیر کے عوام افواج پاکستان کی پیٹھ پر کھڑے ہیں۔ کشمیری قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔ ہندوستان نے کشمیریوں کو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کرکے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی ایک نئی راہ ہموار کی ہے ۔چودھری پرویز اشرف کاکہناتھا کہ آج جنیوامیں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ہونے والا احتجاج بھارت کے ایوانوں کو ہلاکررکھ دیگا ۔

انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اورکشمیری عوام ہندوستان کی افواج کی جانب سے گرم تعاقب جیسی جنگی کارروائیوں کابھرپور جواب دینگے ۔ اور مقبوضہ کشمیرمیں ہونیوالے مظالم کودبانے نہیں دینگے بلکہ خطہ کو پرامن بنانے کیلئے ہرمحاذ پر جنگ لڑیں گے ۔انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کیساتھ ہونیوالے مظالم رکوائے جائیں۔