پی ٹی آئی ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہے کوئی رسید نہیں دیں گے‘ لاہور ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ یہ تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں،چیف الیکشن کمشنر کے ریمارکس

فنڈنگ کیس کی سماعت 16اکتوبر تک ملتوی کردی

پیر 18 ستمبر 2017 11:34

پی ٹی آئی ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہے کوئی رسید نہیں دیں گے‘ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ یہ تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں‘ آپ ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہیں کوئی رسید نہیں دیں گے‘ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں سات سال کی تفصیلات جمع کرادی ہیں الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت 16اکتوبر تک ملتوی کردی۔

پیر کو پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔ پی ٹی آئی وکیل ثقلین حیدر نے کہا کہ پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کی رسید دی جائے اس پر چیف الیکشن کمشنر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں کوئی آڑھتی بیٹھے ہوئے ہیں جو رسیدیں دیں۔

(جاری ہے)

یہ ریکارڈ جمع کرانا ہماری ذمہ داری تھی یا آپ کی۔

آپ ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہیں کوئی رسید نہیں ملے گی۔ اس پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سے معذرت کی چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ کیا یہ وہی دستاویزات ہیں جو سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی دستاویزات سے کچھ زیادہ ہیں۔ الیکشن کمیشن میں سات سال کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج لڑنے کا نہیں صرف تفصیلات جمع کرانے کا دن ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ یہ تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں۔ پچھلے دنوں کئی کیسز میں مختلف لوگوں کے اثاثوں کی تفصیلات ہم سے بھی لی ہیں۔ ہائی کورٹ میں یہ کیس اب کب لگا ہی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ ہائیکورٹ میں کیس کی تاریخ دس اکتوبر ہے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت 16اکتوبر تک ملتوی کردی۔