خضدار ، روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف جمعیت علما ء پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی

اتوار 17 ستمبر 2017 21:10

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 ستمبر2017ء) برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور بربرہت کے خلاف جمعیت علما ء پاکستان کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی علامہ پیر سید شجاع الحق شاہ ہاشمی کی قیادت میں جامعہ سنان بن سلمی سے نکالی گئی ریلی کے شرکا شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے آزادی چوک پہنچے جہاں جلسہ عام منعقد کیا گیا احتجاجی جلسے میں علما ء کرام ،اور جے یو پی کے رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

شرکا نے برمی حکومت اور امریکی حکمرانوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی جب کہ برما اور امریکی حکومت کے خلاف بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کئے گئے تھے اس موقع پر پولیس اور لیویز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی جلسہ عام سے جمعیت علما پاکستان کے قائدین حضرت علامہ پیر سید شجاع الحق شاہ ہاشمی ،صوبائی جنرل سیکریٹری سید ظہور الحق شاہ ہاشمی ، ضلعی صدر علامہ محمد قاسم قاسمی ،مولانا افتخار احمد یمنی ،حضرت مولنا علامہ خان محمد ،حضرت علامہ ہدایت اللہ ، سائیں عقیل جان ،مولانا محمد حسن ،مولنا محمد نور اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج برما کو مسلمانوں کے لیئے مقتل گاہ بنا دیا گیا ہے ظلم و بر بریت کی تمام حدیں عبور کی گئی ہیں خواتین اور بچوں سمیت جس انسانیت سوز مظالم کو دکھایا جا رہا ہے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ انسانیت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صیہونی ملک میں معمولی واقع ہوتا ہے تو پوری دنیا اس پر سراپا احتجاج بن کر چیخ اٹھتی ہے لیکن بر ما میں جس طرح قتل عام ہو رہا ہے اس پر پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے مقررین نے کہا کہ عالم اسلام کو چاہیئے کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہوں ان قوتوں کے خلاف بر سر پیکار ہوکر آواز بلند کریں تاکہ مسلمانوں پر جاری مظالم بند ہوں انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جس میں شدت اور فساد کی قطعا اجازت نہیں ۔